9 مئی واقعات: علی امین گنڈا پور سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

منگل 19 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی کی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور دیگر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔

مزید پڑھیں

عدالت نے مراد سعید، شیریں مزاری، شہباز گل، شبلی فراز اور دیگر کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔

عدالت نے سانحہ 9 مئی سے متعلق ایک کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور دیگر ملزمان کے وارنٹ جاری کیے ہیں، ان کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج ہے۔

ملزمان کو صداقت عباسی، واثق قیوم عباسی اور عمر تنویر بٹ کے 164 کے بیانات کی روشنی میں نامزد کیا گیا تھا۔ ملزمان کے خلاف 164 کے بیانات 17 جنوری کو ریکارڈ کروائے گئے تھے۔

عدالت نے حکم دیا ہے کہ علی امین گنڈاپور سمیت دیگر ملزمان کو 2 اپریل کو گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں سابق وزیر اعظم عمران خان نیب کے القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد سے گرفتار

واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ملک کی اہم تنصیبات پر دھاوا بولا تھا۔ اور اس دوران شہدا کی یادگاروں کی بھی بیحرمتی کی گئی تھی۔

پی ٹی آئی کے اس اقدام کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بڑی تعداد میں گرفتاریاں عمل میں لائی تھیں۔ تاہم پی ٹی آئی کچھ مرکزی رہنما اُس وقت سے روپوش ہیں جن میں مراد سعید، شبلی فراز اور دیگر شامل ہیں۔

مراد سعید نے اپنے وکلا کے ذریعے عام انتخابات کے موقع پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے آر او نے اعتراض عائد کر دیا تھا۔

اب سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے بھی مراد سعید نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، تاہم تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ مراد سعید جب تک روپوش ہیں الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ کیونکہ ان کے کاغذات پر ایک بار اعتراض عائد ہونے کے امکانات ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp