تجارتی خسارے میں کمی اور برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ

پیر 1 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں 24.94 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 8.93 فیصد کا اضافہ جبکہ درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 8.65 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لے کر مارچ 2024 تک کی مدت میں پاکستان کے تجارتی خسارہ کاحجم 17.030 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 24.94 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک کے تجارتی خسارہ کا حجم 22.68 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، مارچ میں پاکستان کے تجارتی خسارہ کاحجم 2.17 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں 56.30 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ سال مارچ میں تجارتی خسارے کاحجم 1.38 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 8.93 فیصد کا اضافہ ہوا، مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ملکی برآمدات کا حجم 22.91 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 21.06ارب ڈالرتھا۔

فروری کے مقابلے میں مارچ میں ملکی برآمدات میں 1.08 فیصد کی کمی ہوئی، فروری میں ملکی برآمدات کا حجم 2.58 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جومارچ میں کم ہوکر 2.55 ارب ڈالر ہوگیا۔

گزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں رواں سال مارچ میں ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر7.99 فیصد کا اضافہ ہوا۔

گزشتہ سال مارچ میں ملکی برآمدات کا حجم 2.36 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

پی بی ایس کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ملکی درآمدات کاحجم 39.94 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 43.72 ارب ڈالرکے مقابلہ میں 8.65 فیصد کم ہے۔

گزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں رواں سال مارچ میں ملکی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر25.86 فیصدکی نموہوئی۔

گزشتہ سال مارچ میں ملکی درآمدات کاحجم 3.75 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو رواں سال مارچ میں 4.72 ارب ڈالرہوگیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp