جرمنی کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کےوسیع امکانات ہیں، وزیر اعظم کی جرمن سفیر سے گفتگو

پیر 25 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جرمنی کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی موجودہ سطح کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں جرمن سرمایہ کاری میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

پیر کو وزیراعظم آفس جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی جمہوریہ جرمنی کے سفیر ایمبیسیڈر الفریڈ گراناس نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے اپنے دوبارہ انتخاب پر جرمن چانسلر اولاف شولز کے تہنیتی پیغام کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسے یورپ میں اپنا ایک اہم شراکت دار تصور کرتا ہے۔

وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی موجودہ سطح کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جرمن سرمایہ کاری میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

وزیراعظم نے تجارتی وفد پاکستان بھیجنے کے اقدام کا بھی خیرمقدم کیا اور جرمن سفیر کو یقین دلایا کہ وفد کے دورے کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہر طرح سے سہولت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے جرمن چانسلر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں مضبوطی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

وزیرخارجہ سےجاپانی سفیر کی ملاقات، سرمایہ کاری، افرادی قوت کی برآمد میں تعاون پر تبادلہ خیال

ادھر وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سےجاپان کے سفیر متسوہیرو واڈا نے پیر کو یہاں وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور تجارت، سرمایہ کاری اور افرادی قوت کی برآمد میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ ترقیاتی شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے تمام شعبوں میں اس باہمی فائدہ مند تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp