فل کورٹس اجلاس ختم:  چیف جسٹس نے ججز کو وزیر اعظم سے ہونے والی ملاقات پر اعتماد میں لیا

جمعرات 28 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جاری فل کورٹس اجلاس ختم ہو گیا ہے، ایک گھنٹہ 50 منٹ تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں چیف جسٹس آف پاکستان نے ججز کو وزیر اعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات سے متعلق اعتماد میں لیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹس اجلاس جمعرات کو ہوا، جس کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس قریباً ایک گھنٹہ 50 منٹ تک جاری رہا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے تمام ججز کو وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات سے متعلق اعتماد میں لیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججوں کی جانب سے عدالتی معاملات میں ایجنسیوں کی مبینہ مداخلت سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے خط پر حکومت نے چیف جسٹس سے مشاورت کے بعد کمیشن آف انکوائری ایکٹ کے تحت ان الزامات کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کے بعد پی ٹی وی کے میڈیا سینٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ ججز کے الزامات کی تحقیقات کے لیے ریٹائرڈ جج پر مشتمل انکوائری کمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر قانون کے مطابق کابینہ سے منظوری کے بعد مجوزہ کمیشن کے ٹی او آرز مرتب کیے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp