پنجاب پولیس کی ایک رپورٹ کے مطابق صوبے کے 234 پولیس افسران و اہلکار مبینہ طور پر منشیات فروشوں کی سہولت کاری کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں
اعلیٰ حکام کو بھجوائی جانے والی سرویلنس برانچ کی ایک رپورٹ کے مطابق لاہورسمیت صوبے کے 10 اضلاع میں تعینات ایسی کالی بھیڑوں میں 234 پولیس افسران اور اہلکاروں شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے 30 پولیس اہلکار منشیات فروشوں کے سہولت کار ہیں اور اس حوالے سے 35 مقدمات درج ہیں۔
مذکورہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد کے مختلف تھانوں میں تعینات 62 سب انسپیکٹرز منشیات فروشی کی سہولت کاری میں ملوث پائے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مختلف تھانوں کے اے ایس آئی، کانسٹیبل اور ڈرائیور بھی منشیات فروشی میں ملوث ہیں۔
ایسے گھناؤنے کاموں میں اپنا حصہ ڈالنے والوں میں سے صرف 2 اہلکار جیل میں ہیں جبکہ باقی قانون کی گرفت سے آزاد گھوم رہے ہیں۔
ایسے پولیس اہلکاروں کے نام اور ان کے متعلقہ منشیات فروش گینگز کی تفصیل بھی رپورٹ میں شامل کی گئی ہے جبکہ چرس، ہیروئن، آئس اور کرسٹل پاؤڈر جیسے نشے کی تفصیلات بھی رپورٹ کا حصہ بنائی گئی ہیں۔