سپریم کورٹ ججوں کے بعد لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو بھی پاؤڈر سے بھرا دھمکی آمیز خط موصول

بدھ 3 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ملک شہزاد احمد کو بھی دھمکی آمیز خط موصول ہوگیا۔

اس سے قبل عدالت العالیہ لاہور کے ججوں جسٹس عالیہ نعیم، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس شجاعت علی خان کو بھی پاؤڈر سے بھرے دھمکی آمیز خط ملے تھے۔

مزید پڑھیں

رجسٹرار آفس نے بتایا ہے کہ چیف جسٹس کو ملنے والے خط میں بھی پاؤڈر موجود ہے، جبکہ دھمکی آمیز تحریر بھی درج ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل آج ہی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت 4 ججوں کو بھی ایسے ہی خطوط بھیجے گئے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ کے جن ججوں کو خط بھیجے گئے ان میں چیف جسٹس فائز عیسیٰ، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس امین الدین شامل ہیں۔

ججوں کو پاؤڈر سے بھرے دھمکی آمیز خطوط ملنے کی خبریں سب سے پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ سے سامنے آئی تھیں جب گزشتہ روز چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق سمیت 8 ججوں کو ایسے ہی خطوط موصول ہوئے تھے۔

سپریم کورٹ ججوں کو خط ملنے پر سی ٹی ڈی تھانے میں مقدمہ درج

دریں اثنا سپریم کورٹ کے ججوں کو دھمکی آمیز خطوط ملنے پر سی ٹی ڈی تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مقدمہ سپریم کورٹ آر اینڈ آئی برانچ انچارج کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جبکہ انسداد دہشتگردی کی دفعات عائد کی گئی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp