پاکستان اور انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز دونوں کی ورلڈ کپ تیاری میں معاون ہوگی، برطانوی ہائی کمشنر

جمعہ 5 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز سمیت دوطرفہ سیکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

وزیر داخلہ نے برطانوی ہائی کمشنر کا وزارت داخلہ آمد پر خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

برطانوی ہائی کمشنر نے پی ایس ایل 9 کے کامیاب انعقاد پر محسن نقوی کو مبارکباد دی۔ ہائی کمشنرجین میریٹ نے محسن نقوی کو بلامقابلہ سینٹر منتخب ہونے پران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ محسن نقوی کی پی سی بی اور وزارت داخلہ میں کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہیں۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ انہوں نے پی ایس ایل کے میچ دیکھ کر بہت انجوائے کیا اور توقع ظاہر کی کہ پاکستان اور انگلینڈ کے میچوں سے شائقین کرکٹ محظوظ ہوں گے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیتا چاہتے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی تعلقات کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے اور پاکستان مختلف شعبوں میں برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز دونوں ٹیموں کی ورلڈکپ تیاری میں معاون ثابت ہوگی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا دونوں ملکوں کی ترقی میں خصوصی کردار قابل تعریف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کو امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہےجس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینا وقت کی ضرورت ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

پاک فوج اورسکیورٹی اداروں نے اس جنگ میں شجاعت اور بہادری کی داستان رقم کی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا، برطانوی ہائی کمیشن کے حکام اور وزارت داخلہ کے متعلقہ افسران بھی اس موقعے پرموجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp