گنیز ریکارڈ یافتہ دنیا کے معمر ترین شخص کی لمبی عمر کا راز کیا ہے؟

اتوار 7 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گنیز ریکارڈ یافتہ دنیا کے معمر ترین شخص نے اپنی لمبی عمر کا راز بتا دیا، 111 سالہ جان ٹینس ووڈ نامی برطانوی شخص نے اپنی لمبی عمر کو صرف اور صرف قسمت قرار دیا اور کسی خاص خوراک کو اپنی صحت کا راز نہیں بتایا، جبکہ ہر معاملے میں اعتدال پسندی کو اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹینس ووڈ نامی معمر ترین بزرگ نے بتایا کہ ان کی لمبی زندگی صرف اور صرف ان کی قسمت ہے، انہوں نے کوئی ایسی خاص خوراک کا کبھی استعمال نہیں کیا اور نہ ہی وہ یہ سمجھتے ہیں کہ خوراک ان کی صحت کا راز ہے۔

انہوں نے بتایا کہان کی خوراک کا کوئی خاص راز نہیں ہے، لیکن ہرجمعے کو ان کا پسندیدہ کھانا مچھلی اور چپس ہیں۔ یہ کھانا وہ بہت شوق سے کھاتے ہیں۔

111 سالہ ٹینس ووڈ کو گنیز ورلڈ ریکارڈ کا ٹائٹل وینزویلا کے 114 سالہ شخص کی رواں ہفتے موت کے اعلان کے بعد ملا ہے۔

گنیز ریکارڈ کے مطابق ٹینس ووڈ 1912 میں شمالی انگلینڈ کے علاقت لیورپول میں پیدا ہوئے، وہ ریٹائرڈ اکاؤنٹنٹ اور پوسٹل سروس کے سابق رکن ہیں اور اس وقت ان کی عمر 111 سال 225 دن ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جب دنیا کے معمر ترین شخص سے لمبی عمر کا راز پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ آپ یا تو لمبی عمر پاتے ہیں یا مختصر اور آپ اس کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں کرسکتے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ سگریٹ نہیں پیتے اور شاذ و نادر ہی شراب پیتے ہیں۔ صحت مند رہنے کے لیے اُنہوں نے ایک ہی مشورہ دیا ہے کہ انسان کو اعتدال پسند ہونا چاہیے، اگر آپ بہت زیادہ پیتے ہیں یا آپ بہت زیادہ کھاتے ہیں یا آپ بہت زیادہ چلتے ہیں۔ اگر آپ بہت زیادہ کچھ کرتے ہیں، تو آپ کو آخرکار نقصان اٹھانا پڑے گا۔

جان ٹینس نے دونوں عالمی جنگوں کو دیکھا ہے، اور27 سال کی عمر میں دوسری جنگ عظیم میں حصہ بھی لیا، اس طرح جان ٹینس دوسری جنگ عظیم سے زندہ بچ جانے والے دنیا کے سب سے معمر ترین شخص بھی ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اب تک دنیا کے سب سے معمر ترین آدمی جاپان کے جیرومون کمیورا تھے جو 116 سال اور 54 دن زندہ رہے جبکہ سب سے معمر ترین زندہ خاتون اور مجموعی طور پر سب سے زیادہ عمر رسیدہ شخص اسپین کی ماریہ برانیاس موریرا ہیں جن کی عمر 117 سال ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp