ضمنی انتخابات میں کتنے امیدوار مدمقابل ہوں گے؟ تفصیلات سامنے آگئیں

اتوار 14 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ 21 اپریل کو ہونے والے آئندہ ضمنی انتخابات کے دوران قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 23 خالی نشستوں کے لیے کل 239 امیدوار میدان میں ہیں۔

سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ضمنی انتخابات میں کل 239 امیدوار حصہ لیں گے جن میں سے 50 خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قابل ذکر بات یہ ہے کہ آصفہ بھٹو زرداری پہلے ہی این اے 207 سے بلامقابلہ منتخب ہو چکی ہیں۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کی خالی نشستوں کے لیے کل 23 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ پنجاب میں 154 امیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے۔

سندھ میں زبیر احمد جونیجو نے پی ایس 80 سے بلامقابلہ اپنی نشست حاصل کی۔ بلوچستان اسمبلی کی خالی نشستوں کے لیے 12 امیدوار میدان میں ہیں۔

الیکشن کمیشن کے عہدیدار کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنرز کو ضروری انتخابی سامان فراہم کردیا گیا ہے۔ ضلعی ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران مقررہ انتخابی شیڈول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ 13 مارچ کو الیکشن کمیشن نے 23 قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا۔ ان انتخابات میں قومی اسمبلی کی 6، پنجاب اسمبلی کی 12 نشستیں شامل ہیں۔

عہدیدار نے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی 2 نشستیں، سندھ اسمبلی کی ایک نشست اور بلوچستان اسمبلی کی 2 نشستیں بھی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp