امیر مقام سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی ملاقات، خطے کے مسائل سے آگاہ کیا

جمعرات 18 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینیئر امیر مقام سے ملاقات کی ہے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے انجینیئر امیر مقام کو وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گلگت بلتستان کے دیرینہ مسائل کا تذکرہ کیا اور چیدہ چیدہ امور پر گفتگو کی۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے دیامر بھاشا ڈیم کے واٹر یوز چارجز، فیڈرل فنانس کمیشن میں گلگت بلتستان کی حصہ داری، گندم سبسڈی کا مستقل حل، گلگت بلتستان کو سیاسی اصلاحات دینے سمیت بابوسر ٹنل کی بروقت تعمیر اور 4 نئے اضلاع کے اعلان پر عملدرآمد کی بات کی۔

دوران گفتگو فیڈرل پی ایس ڈی پی کے تحت گلگت بلتستان کے لیے ضروری میگا منصوبوں کی تعمیر سمیت ادھورے منصوبوں کی تکمیل پر بھی زور دیا گیا۔ جبکہ ملاقات میں دیامر بھاشا ڈیم متاثرین کے ماندہ ایشوز کو بروقت حل کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ کے موقف کو جائز قرار دیدیا

وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی جانب سے گلگت بلتستان کے مختلف امور پر کئی گئی گفتگو کو انتہائی مناسب قرار دیتے ہوئے گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ کے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے ساتھ ہونے والے اجلاس اور اس کے بعد گلگت بلتستان کے امور پر بننے والی کمیٹی کی روشنی میں مذکورہ امور پر عملی جامہ پہنانے کا عزم بھی کیا۔

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان نے کہاکہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کرےگی اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی طرف سے پیش کیے گئے تمام امور پر وزیراعظم پاکستان کی ہدایت کی روشنی میں عملدرآمد کیا جائےگا۔

گلگت بلتستان ہمارے دل کے قریب ہے، امیر مقام

وفاقی وزیر نے کہاکہ گلگت بلتستان ہمارے لیے بہت اہم اور ہمارے دل کے قریب ہے، ہم گلگت بلتستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، وہاں کے لوگوں کی طرز زندگی بدلنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس معاملے میں ہم وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور صوبائی حکومت کے ہاتھ مظبوط کریں گے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور وزیر زراعت انجینیئر محمد انور کی خصوصی دعوت پر وفاقی وزیر نے جلد گلگت بلتستان کا تفصیلی دورہ کرنے کا وعدہ بھی کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp