الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے موقع پر ملک کے مختلف علاقوں میں لڑائی جھگڑوں کے واقعات کا نوٹس لے لیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب کے ضلع نارووال کے علاقے ظفروال میں سیاسی کارکن کے قتل کا نوٹس لیا ہے۔ ’چیف الیکشن کمشنر کی ہدایات پر نارووال کے ظفر وال پولنگ اسٹیشن کے باہر ہونے والے واقعہ کی باقاعدہ تحقیقات کی جائیں گی‘۔
مزید پڑھیں
ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات کے لیے ریجنل الیکشن کمشنر گوجرنوالہ کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق انکوائری آفیسر واقعہ کی انکوائری کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نارووال سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور اس معاملے پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی کا حکم دےدیا ہے۔
واضح رہے کہ پی پی 54 نارووال میں 2 سیاسی جماعتوں کے درمیان تصادم ہوا اور اس دوران ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مرنے والے شخص کا تعلق مسلم لیگ ن سے تھا۔
اس کے علاوہ پنجاب کے کئی دیگر علاقوں میں بھی لڑائی جھگڑوں کے واقعات رونما ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
الیکشن کمیشن کا قلعہ عبداللہ میں مسلح افراد کے پولنگ اسٹیشن میں داخلے کی خبروں کا نوٹس
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے بلوچستان کےحلقہ پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں مسلح افراد کے پولنگ اسٹیشن میں داخلے کی خبروں کا بھی نوٹس لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے ذاتی طور پر آئی جی بلوچستان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور اس معاملے پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔