’کاکول ٹریننگ کی برکت سے نیوزی لینڈ کی سی ٹیم سے میچ ہار بیٹھے‘

جمعہ 26 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 174 رنز بناسکی۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے نیوزی لینڈ سے مسلسل دوسرے میچ میں شکست کا ذمہ دار بیٹرز کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیٹنگ میں ناکامی سے میچ نہ جیت سکے ہم بیٹنگ میں اچھا پرفارم نہیں کر سکے۔

پاکستانی ٹیم کے میچ ہارنے کے بعد کرکٹ شائقین نے سوشل میڈیا پر اپنے تنقیدی تبصروں کا آغاز کر دیا۔ صحافی رضوان غلزئی نے پاکستان کی ہار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں ایسی کیا نحوست آگئی ہے کہ دنیا کی بہترین ٹی 20 ٹیم اپنے ہی ملک میں نیوزی لینڈ کی سی ٹیم سے میچز ہار رہی ہے؟

ایک صارف کا کہنا تھا کہ کاکول ٹریننگ کی برکت سے فل سٹرنتھ ٹیم نیوزی لینڈ کی سی ٹیم سے دوسرا میچ بھی ہار بیٹھی۔ صارف نے طنزاً کہا کہ اب یہ کھلاڑی بھی بس فارم47پر جیتا کریں گے ۔

صحافی عمران ریاض خان لکھتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو کیا ہوگیا ہے؟ کمزور نیوزی لینڈ ٹیم سے ہوم گراؤنڈ پر شکست پہ شکست ورلڈ کپ سے پہلے اچھا شگون نہیں ہے۔ کاکول میں اتنی سخت تربیت کے بعد ایسی ناقص پرفارمنس افسوسناک ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہ کاکول ٹریننگ کے اثرات ہیں ورنہ یہی پاکستانی کرکٹ ٹیم تھی جس نے چند مہینے پہلے نیوزی لینڈ کی اے ٹیم کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر 4/1 سے شکست دی تھی۔

کامران واحد نے لکھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کی بی ٹیم سے شکست کھائی ہے۔ کرکٹ ٹیم کو چاہیے تھا چند دن ٹرینگ کی لاج ہی رکھ لیتی۔

خالد حسین تاج نے سوال کیا کہ نیوزی لینڈ کی سی ٹیم کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کے بعد کیا محسن نقوی کو چیئرمین پی سی بی کے عہدے سے ہٹانا چاہیے؟

واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ نے سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی ہے جبکہ پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp