اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے اس تاریخی دورہ پاکستان کی تصاویر شیئرکی ہیں جب وہ ریاض ریجن کے گورنر تھے۔
مزید پڑھیں
سعودی میڈیا اتاشی کے مطابق ان نایاب تصاویر میں فیصل مسجد کے وزٹ کی تصاویر، پہاڑ کی چوٹی پر تصاویر اور متعدد پاکستانی حکام کے ساتھ تصاویر شامل ہیں۔
اس وقت یہ تاریخی دورہ پاکستانی حکومت کی دعوت پر 27 اپریل 1998 کو ہوا تھا جسے اب پورے 26 برس ہوچکے ہیں۔
اس وزٹ کے دوران خادم حرمین شریفین نے اسلام آباد اور مری شہر کا دورہ کیا تھا۔ اپنی سرد آب و ہوا اور سطح سمندر سے بلندی کی وجہ سے مشہور مری میں شاہ سلمان نے اپنے اعزاز میں منعقد کی گئی تقریب میں شرکت کی تھی۔
انہوں نے دارالحکومت اسلام آباد کی شاہ فیصل مسجد کا بھی دورہ کیا تھا اور وہاں 2 رکعت نماز ادا کی تھی۔
📌 27 اپریل 1998
خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود نے پاکستانی حکومت کی دعوت پر پاکستان کا تاریخی دورہ کیا۔
مری شہر گئے، وہاں ایک محفل میں شرکت کی، نیز انہوں نے شاہ فیصل مسجد کا دورہ بھی کیا اور مسجد کی (وزیٹر بک) اپنے خیالات قلمبند کیے۔#پاک_سعودی_تعلقات pic.twitter.com/XMbtXUK3R5
— السفارة في باكستان – سعودی سفارت خانہ (@KSAembassyPK) April 26, 2024
سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے اس موقعے پر وزٹ بک میں لکھا تھا کہ ’خدا کا شکر ہے جس نے مجھے شاہ فیصل بن عبدالعزیز آل سعود مسجد کی زیارت کرنے کی توفیق بخشی، خدا ان پر رحم کرے، میں خدا سے دعا گو ہوں کہ وہ پاکستان کے پیارے دارالحکومت اسلام آباد میں اس اسلامی عمارت کی تعمیر میں ان کی کوششوں کا اجر دے۔ میں اللہ سے سب کے لیے کامیابی کے لیے دعا گو ہوں‘۔