پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے غلط ای چالان کے شکار شہریوں کے لیے بڑی سہولت متعارف کرا دی۔ اب شہری گھر بیٹھے آن لائن اپنے ای چالان کا ریویو کرا سکیں گے اور اگر جمع کرائے گئے ثبوتوں کی بنیاد پر چالان غلط ثابت ہوا تو اسے 24 گھنٹوں کے اندر منسوخ کر دیا جائے گا۔
پنجاب پولیس کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے پیغام کے مطابق اگر کسی شہری کو غلط ای چالان موصول ہوتا ہے تو وہ پنجاب سیف سٹیز کی ویب سائٹ پر لاگ اِن کر کے ریویو سیکشن میں جا سکتا ہے جہاں متعلقہ ثبوت اپ لوڈ کرنے کے بعد درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔
السلام علیکم! صبح بخیر
غلط ای چالان موصول ہوا؟ اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کی سہولت کے لیے ای چالان ریویو کی آن لائن سہولت فراہم کر دی ہے۔ ویب سائٹ پر لاگ اِن کریں، ریویو سیکشن میں جا کر اپنے ثبوت اپ لوڈ کریں۔ اگر چالان غلط ثابت ہوا تو 24 گھنٹوں… pic.twitter.com/sD7mFsH6tc— Punjab Police Official (@OfficialDPRPP) August 3, 2026
پیغام میں بتایا گیا ہے کہ اگر ریویو کے دوران چالان غلط ثابت ہو جائے تو اسے 24 گھنٹوں کے اندر منسوخ کر دیا جائے گا۔
پنجاب پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے صرف حقیقی شکایات کی صورت میں ہی اس سہولت سے استفادہ کریں تاکہ نظام کی شفافیت اور مؤثر کارکردگی برقرار رکھی جا سکے۔
اس اعلان پر سوشل میڈیا صارفین نے ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا۔ کئی افراد نے آن لائن ریویو کی سہولت کو سراہا جبکہ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ غلط ای چالان جاری کرنے والے اہلکاروں سے بھی بازپرس ہونی چاہیے۔













