متنازع بیانات اور جارحانہ انداز کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے پی ٹی آئی کے رہنما رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت کو ان کی اپنی پارٹی پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شو کاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔
شیرافضل مروت کو شو کانوٹس سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے۔ نوٹس کے مطابق انہیں 3 روز میں جواب جمع کروانے کا پابند کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں عمران خان کی کمیٹی کو عمران خان کی ہدایات سے آگاہ کیا گیا تھا جس کے مطابق کورکمیٹی اور سیاسی کمیٹی سمیت پارٹی کی تمام کمیٹیوں سے شیرافضل مروت کا اخراج کردیا گیا تھا۔
اس حوالے سے دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری عمر ایوب نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا ٹاک میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شیر افضل مروت کو کورکمیٹی اور سیاسی کمیٹی سے نکالنےکا حکم دیا ہے۔
شیر افضل مروت نے سعودی حکومت سے تعلقات خراب کرنےکی کوشش کی
عمر ایوب کے مطابق عمران خان نے شیر افضل مروت کو شوکاز جاری کرنےکا حکم دیا ہے، انہوں نےکہا کہ شیر افضل مروت نے سعودی حکومت سے تعلقات خراب کرنےکی کوشش کی۔
مزید پڑھیں
پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ شیرافضل مروت کو بانی پی ٹی آئی نے بہت عزت و احترام دیا ہے، شیرافضل مروت کو بارہا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرنےکی ہدایات دیں۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سعودی حکومت کے ساتھ ذاتی تعلقات کو شیر افضل مروت نے نقصان پہنچایا، بانی پی ٹی آئی کے ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کے ساتھ نہایت اچھے تعلقات ہیں۔
عمران خان نے براہ راست حکم جاری کیا ہے
دریں اثنا عمر ایوب خان کا ایک ویڈیو بیان سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر شیئر ہوا ہے جس میں انہیں یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’عمران خان نے براہ راست حکم جاری کیا ہے کہ شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی کی کورکمیٹی اور پارٹی کی پولیٹیکل کمیٹی سے فی الفور علیحدہ کردیا جائے‘۔
عمرایوب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے حکم جاری کیا ہے کہ شیرافضل مروت کو کورکمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی سےالگ کیاجائے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہےکہ پولیٹیکل کمیٹی شیر افضل مروت کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لے۔