وفاقی وزیر برائے اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے بروقت اقدامات سے آزاد کشمیرمیں افراتفری پھیلانے کی سازش ناکام ہوگئی ہے اورآزاد کشمیر کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دیں گے۔
مزید پڑھیں
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے بروقت نوٹس نے آزاد کشمیر میں ایک سانحے سے بچا لیا اور دشمن کی سازش ناکام ہوئی، دشمن کے ساتھ ساتھ تحریک انتشار بھی یہ سوچ رکھتی تھی کہ کسی نہ کسی حوالے سے انتشار پھیلے اور ہرطرف افراتفری کا عالم ہو۔
عطا تارڑ نے کہا کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے بلاتقریق تمام اتحادی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کو بلایا اور ان کی آراء سنی۔ ’یہی حکومتوں کا کام ہوتا ہے کہ عوام کے زخموں پر مرہم رکھا جائے، آزاد کشمیر کی صورتحال کا بروقت نوٹس لیا گیا اور وہاں کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے گئے۔‘
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بروقت اقدامات کرنا ہی حکومتوں کا کام ہے، ماضی میں بلوچستان میں ہزارہ کمیونٹی کی لاشیں کئی دن پڑی رہیں، اس وقت کے وزیراعظم ضد پر اڑے ہوئے تھے۔ ’ان کی نااہل حکومت اور آج کی منتخب حکومت میں یہ فرق ہے، آج گھنٹوں کے اندر معاملات حل ہوتے ہیں، ادھر دنوں میں حل نہیں ہوتے تھے۔‘
وزیر اطلاعات کے مطابق آزاد کشمیر میں امن لوٹ آیا ہے، معاملات سلجھ گئے۔ ’کشمیر ہمارے لیے بہت اہم ہے جو ہماری شہ رگ ہے، آزاد کشمیر کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دیں گے اور کشمیری عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔‘
آزاد کشمیر میں شہید پولیس اہلکار کے خاندان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ شہید پولیس کے خاندان کی مکمل کفالت کریں گے، جمہوری معاشرے میں تحریکیں چلتی ہیں، مگر جب تحریک پرامن سے تشدد کی طرف جاتی ہے تو تب ریاست کا کام اس پر ایکشن کرنا ہوتا ہے۔
وزیر اطلاعات عطاتارڑ کے مطابق ادارہ شماریات کے مطابق پچھلے سال مئی میں مہنگائی کی شرح 36 فیصد تھی جو رواں برس 17 فیصد ہوچکی ہے، پچھلے مہینے مہنگائی کی شرح 20 فیصد تھی جو ایک مہینے میں 17 فیصد پر آگئی ہے۔
’ملک دشمن قوتوں اور سیاسی مخالفین کو یہ بات ہضم نہیں ہورہی، ان کو یہ بات ہضم نہیں ہورہی ہے کہ روز بروز اسٹاک مارکیٹ اوپر کیوں جارہی ہے، بین الاقوامی جریدے پاکستان کے معیشت کے حوالے سے مثبت باتیں کیوں کررہے ہیں۔۔۔بین الاقوامی مالیاتی ادارے پاکستان کی ترقی کی بات کررہے ہیں۔‘
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جیل سے خط لکھنے کے بجائے 190 ملین کی کرپشن سمیت توشہ خانہ اور سائفر کا بھی جواب دینا چاہیے۔ ’کبھی کہتا ہے میں آرمی چیف کو خط لکھ رہا ہوں، کبھی کہتا ہے کہ میں آئی ایم ایف کو خط لکھ رہا ہوں، آپ کی حیثیت کیا ہے، آپ سزا یافتہ مجرم ہیں اور قیدی ہیں۔‘
دشمن کی سوچ خاک میں مل گئی، امیر مقام
اس موقع پر وفاقی وزیربرائے امور کشمیروگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام کے لیے 23 ارب روپے کی منظوری دی، جو جلد ہی آزاد کشمیر حکومت کو منتقل ہوجائے گی، اس حوالے سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدہ بھی ہوا اور نوٹیفکیشن بھی جاری ہوئے۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی اس معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔ ’بعض دشمنوں کی کوشش تھی کہ آزاد کشمیر میں افراتفری ہو، ان کا عوام کو ریلیف دینے سے کوئی تعلق نہیں تھا، ان دشمنوں کی سوچ خاک میں مل گئی۔‘