نواز شریف انٹرا پارٹی الیکشن میں بلا مقابلہ صدر منتخب ہوگئے، پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی صدر کے عہدے کے لیے نواز شریف کے 8 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، نواز شریف کے چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سے بھی نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ تاہم کسی امیدوار نے نواز شریف کے مقابلے میں کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔
سندھ سے (ن) لیگ کے صدر بشیر میمن، خیبرپختونخوا سے امیر مقام اور بلوچستان سے سردار یعقوب نے نواز شریف کے کاغذات جمع کرائے۔ پارٹی صدر کے امیدوار کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت صبح 10 سے 12بجے تک کا تھا، جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ دن2 بجے تک کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن بلوچستان کے سینئر رہنما سردار یعقوب ناصر نے بلوچستان سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، سینیٹر نزہت صادق اور سینیٹر انوشے رحمان کی جانب سے بھی نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔ اسلام آباد سے عقیل انجم نے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی چیف الیکشن کمشنر رانا ثنا اللہ نے تجویز کنندگان اور تائید کنندگان کو طلب کرلیا، تجویز و تائیدکنندگان کی موجودگی میں نواز شریف کے کاغذات کی جانچ کی گئی۔
چیف الیکشن کمشنر رانا ثناء اللہ نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے تمام تجویز کنندگان اور تائید کنندگان کو دوپہر 1 بجے طلب کیا، تمام تجویز کنندگان اور تائید کنندگان کی موجودگی میں نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی۔
پارٹی الیکشن کمشین کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جانے کا وقت رکھا گیا، سہہ پہر 3 بجے حتمی امیدواروں کی فہرست جاری کر دی گئی۔
واضح رہے پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس آج مقامی ہوٹل میں منعقد کیا گیا، نئے پارٹی صدر کے انتخاب کے لیے جنرل کونسل اجلاس میں شو آف ہینڈ کا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا، ایک ہی امیدوار میدان میں ہوا تو اسے بلامقابلہ فاتح قررا دیا جائے گا۔
تاہم جنرل کونسل کے اجلاس کے لیے مقامی ہوٹل میں تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، ملک بھر سے جنرل کونسل کے ساڑھے 3 ہزار اراکین اجلاس میں شریک ہوں گے۔ جنرل کونسل اجلاس میں قائد نواز شریف، قائم مقام پارٹی صدر شہباز شریف، چیف آرگنائزر مریم نواز شریک ہوں گی۔
چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت مرکزی، صوبائی، ڈویژنل، ضلعی و تحصیل و ٹاون سطح کے عہدیدار بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ایجنڈے کے مطابق اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول سے ہوگا، باقاعدہ آغاز کے بعد پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال افتتاحی کلمات سے شرکا کو خوش آمدید کہیں گے، اس کے بعد پارٹی کے آئین میں ترامیم تجویز کی جائیں گی اور شرکا سے ان کی منظوری لی جائے گی۔
جس کے بعد صدر کے عہدے کے لیے ووٹنگ کا عمل ہوگا، چیف الیکشن کمشنر رانا ثناء اللہ صدر کے انتخاب کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کا اعلان کریں گے، مقبوضہ کشمیر و فلسطین کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی سمیت مختلف امور پر قراردادیں پیش اور منظور کی جائیں گی۔
قراردادوں کی منظوری کے بعد قائم مقام صدر شہباز شریف اجلاس سے خطاب کریں گے، نومنتخب صدر مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب میں اپنا ویژن پیش کریں گے، پروگرام کے اختتام پر دعا بھی کروائی جائے گی۔