اسپتال پہنچنے کے باوجود بچے کی بس میں پیدائش، اصل معاملہ کیا رہا؟

جمعہ 31 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کیرالہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے حاضردماغ ڈرائیوراورامالہ اسپتال کے مستعد طبی اورنیم طبی عملہ کی بدولت بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع تھریسور میں ایک خاتون نے سفر کے دوران بس میں ہی ایک صحتمند بچی کو جنم دیا ہے۔

واقعات کے ایک غیر متوقع موڑ پر ملاپ پورم کی ایک 37 سالہ خاتون نے تھریسور سے تھوٹل پالم جاتے ہوئے دردِ زہ کی شکایت کی، اس وقت ان کی بس تھریسور ضلع کے پیرمنگلم سے گزر رہی تھی جب بس ڈرائیور نے صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے بس کا رخ امالہ اسپتال کی طرف موڑ دیا۔

بس کے عملے نے فوری طور پر اسپتال حکام کو بچے کی متوقع پیدائش کے بارے میں مطلع کیا، بس کے ایمرجنسی شعبے کے باہر پہنچتے ہی مسافروں کو فوری طور پر نیچے اتار دیا گیا تاکہ طبی اور نیم طبی عملہ حاملہ ماں کے پاس پہنچ کر طبی امداد فراہم کرسکیں۔

طبی مدد کی بروقت فراہمی کی بدولت اس حاملہ خاتون نے بس کے اندر ہی نارمل طریقہ سے ایک صحت مند بچی کو جنم دیا، جو ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے عملے اور امالہ اسپتال کی میڈیکل ٹیم کی مشترکہ کوششوں کی بدولت غیر روایتی ترتیب کے باوجود یقینی بناجاسکا۔

اسپتال کے ایمرجنسی شعبے کے باہر لگے سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے عملے اور اسپتال کا طبی اور نیم طبی عملہ جاں فشانی سے بس کے اندر اپنی مربوط کوششوں میں مصروف ہیں، جو مشکل حالات میں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے ضمن میں ان کی لگن اور کارکردگی کی مثال ہے۔

اسی شام خاتون کے شوہر نے اسپتال پہنچ کر اپنی بیوی اور نوزائیدہ بیٹی دونوں کو محفوظ اور صحت مند پا کر سکون کا سانس لیا، اسپتال کے حکام نے بس کنڈکٹر اور ڈرائیور کے فوری اقدامات کو سراہتے ہوئے تسلیم کیا کہ ان کے بروقت فیصلے نے ماں اور بچی کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp