وی ایکسکلوسیو: عمران خان کبھی اینٹی اسٹیبلشمنٹ نہیں رہے، آج بھی گود لیے جانے کے منتظر ہیں،مفتاح اسماعیل

جمعرات 6 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان کبھی بھی اینٹی اسٹیبلشمنٹ نہیں رہے، ریٹائرڈ جرنیلوں کے خلاف بات کرنا بہت آسان ہے، عمران خان تو آج بھی اس انتظار میں ہیں کہ انہیں گود لے لیا جائے۔

وی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہاکہ عمران خان اینٹی اسٹیبلشمنٹ نہیں ہیں، 2017 میں نعیم الحق (مرحوم) نے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ سے نوازشریف کو غدار قراردیا، یہ لوگ اس وقت نوازشریف کو شیخ مجیب قرار دیتے تھے کیونکہ ان کی مخالفت کرنی تھی۔

مفتاح اسماعیل نے کہاکہ شیخ مجیب غدار نہیں تھے بلکہ جنہوں نے ان کی اکثریت تسلیم کرنے سے انکار کیا ان لوگوں نےآئین سےغداری کی تھی۔ مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے اصل ذمہ دار ایوب خان تھے جنہوں نے بنگال کے وسائل پر وہاں کے لوگوں کا حق تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا۔

مسلم لیگ ن کی موجودہ پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ووٹ کو عزت دینے سے فارم 47 کا سفر بہت لمبا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ سیاسی راستے جدا کرنے پر مجبور ہوئے۔

اپنی نئی سیاسی جماعت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعت لانچ کرنے کا مقصد درجنوں جماعتوں میں ایک کا اضافہ نہیں بلکہ معروف سیاسی جماعتوں کے پاس تو کابینہ کے لیے 15 وزیر بھی نہیں ہیں۔ مفتاح اسماعیل کے مطابق اگر انہوں نے محض عمران خان کو کاؤنٹر کرنا ہوتا تو وہ اس وقت حکومت کا حصہ ہوتے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کا حصہ بننے کے لیے دوستوں نے رابطہ کیا تھا مگر میں نے انکار کردیا تھا۔

سینکڑوں سیاسی جماعتوں میں ایک نئی جماعت کے آنے سے کیا فرق پڑےگا؟

ایک سوال کے جواب میں مفتاح اسماعیل نے کہاکہ سینکڑوں سیاسی جماعتوں میں ایک نئی جماعت کے آنے سے بظاہر تو کوئی فرق نہیں پڑےگا، لیکن متحرک سیاسی جماعتیں تو تین ہیں، جن میں سے پیپلزپارٹی سندھ اور ن لیگ جی ٹی روڈ تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔ ’ان کے مطابق انہوں نے سروے کرائے ہیں، ووٹر اپنی سیاسی پارٹیوں سےخوش نہیں ہیں‘۔

کیا یہ سیاسی جماعت عمران خان کے متبادل کے طور پر متعارف کرائی گئی ہے؟

سابق وزیر خزانہ نے کہاکہ یہ بہترین وقت ہے کہ عمران خان کے مخالف کھڑے ہو کر وزارتیں حاصل کرلی جائیں۔ ’کیا میں اور شاہد خاقان عباسی اگر آج چاہیں تو وزارتیں نہیں لے سکتے‘۔

انتخابات 2024 میں فارم 47 چلا ہے؟

انتخابات سے متعلق بات کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہاکہ انہیں ہارنے سے کوئی مسئلہ نہیں اگر وہ عزت سے ہار گئے۔ 2024 کے انتخابات سے متعلق کہاکہ میں نے اور شاہد خاقان عباسی نے تو انتخابات لڑے ہی نہیں، 2018 کے انتخابات میں شاہد خاقان عباسی ان 30 ہزار ووٹوں سے ہارے جو ان کے مخالف کو کسی اور نے دیے تھے۔

’ن لیگ ضرور چھوڑی مگر احترام کا تعلق قائم ہے‘

انہوں نے کہاکہ کوئی ایک کلپ نہیں نکال سکتا جس میں نواز شریف، شہباز شریف یا بلاول کی برائی کی ہو۔ مفتاح اسماعیل کے مطابق وہ روایتی سیاسی الزام تراشی کے بجائے سیاسی اختلاف پر یقین رکھتے ہیں۔

کیا شہباز شریف کی حکومت مدت پوری کرےگی؟

سابق وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ شہباز حکومت زیادہ عرصہ چلتی ہوئی نظر نہیں آرہی، یہ بہت زیادہ ڈر رہے ہیں اور ایک سال ضائع کردیا ہے۔ ’یہ نوکری پیشہ پر ٹیکس بڑھا رہے ہیں، ریٹیلر پر تھوڑا سا ٹیکس لگا رہے ہیں، مگر رئیل اسٹیٹ، زرعی انکم اور سروس سیکٹر پر ٹیکس نہیں بڑھا رہے۔ پورے پاکستان سے پراپرٹی ٹیکس 8 ارب جمع ہوتا ہے، جبکہ بمبئی شہر 150 ارب جمع کرتا ہے۔ میں 10 ایکڑ زمین والے پر ٹیکس لگانے کی بات نہیں کررہا، لیکن 50 یا 100 ایکڑ والے پر تو ٹیکس لگایا جائے‘۔

کیا مفتاح اسماعیل ایم ایل 1 منصوبے کے خلاف ہیں؟

مفتاح اسماعیل نے کہاکہ شہبازشریف اس وقت چین میں یہ گزارش کررہے ہیں کہ جو 470 ارب کا قرض واپس کرنا ہے اس میں تاخیر کرلیں، اوپر سے 2100 ارب روپے کا مزید قرض مانگ رہے ہیں۔ ’ریلوے سالانہ 80 ارب نقصان میں ہے، اگر ایم ایل ون بنانا ہے تو ریلوے کو پرائیویٹائز کریں پھر جس نے بنانی ہوگی بنالے گا‘۔

مہنگائی میں حالیہ کمی خوش آئند ہے

مہنگائی میں حالیہ کمی پر مفتاح اسماعیل نے کہاکہ افراط زر 35 فیصد سے 11 فیصد پر آئی ہے تو مجھے خوشی ہوئی، اس کے لیے بہت سے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں، گاڑیوں کی پوری انڈسٹری تباہ ہوئی البتہ حکومت نے اخراجات کم نہیں کیے، لیکن اب شرح سود کم کر کے انڈسٹری کو دوبارہ چلانا ہوگا۔

’شہبازشریف فون کرکے تو بلائیں تو چلا جاؤں گا‘

مفتاح اسماعیل نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ وہ شہباز شریف کو اپنا لیڈر مانتے ہیں، جب فون کریں گے تو بہت عزت سے بات کروں گا، چائے کے لیے بلائیں گے تو ضرور جاؤں گا لیکن سیاسی راہیں جدا ہیں۔

کوکومو کی تعداد میں اضافہ ہوگا؟

کوکومو کے حوالے سے مفتاح اسماعیل کہتے ہیں کہ ویسے تو اب یہ کاروبار ان سے اگلی نسل دیکھتی ہے لیکن اتنا انہیں معلوم ہے کہ گندم کی قیمت کم ہوئی ہے جس سے کوکومو کے پیکٹ میں اس کی تعداد بھی بڑھے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp