برطانوی انتخابی نتائج میں لیبر پارٹی کا فتح اور کیئر اسٹارمر کے وزیراعظم منتخب ہونے پر انہیں دنیا بھر سے تہنیتی پیغامات موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔اس حوالے سے وائس آف امریکا کی ایک رپورٹ کے مطابق انہیں درج ذیل سربراہان مملکت کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے پیغامات مل چکے ہیں:
امریکا
امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعہ کو برطانیہ کے نئے وزیر اعظم کیئر اسٹارمر سے فون پر بات کی اور انہیں عام انتخابات میں سنٹر لیفٹ لیبر پارٹی کی بھاری اکثریت سے کامیابی پر مبارکباد دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کے چھوٹے سے شہر سے تعلق رکھنے والے 7 افراد برطانوی الیکشن کیسے جیتے؟
وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے بیلفاسٹ/گڈ فرائیڈے معاہدے میں کامیابیوں کی حفاظت اور اقتصادی ترقی اور مواقع پیدا کرنے اور برقرار رکھنے کے لیے شمالی آئرلینڈ کے رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے مشترکہ عزم کی توثیق کی۔
برازیل
برازیل کے صدر لوئیس اناچیو لولا ڈیسلوا نے ایکس پر اپنے پیغام میں لیبر پارٹی کے سر کیئر اسٹارمر کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ برطانیہ کا نیا وزیرِ اعظم منتخب ہونے پر انہیں سلیوٹ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، میری خواہش ہے کہ آپ کے اقتدار کی مدت عظیم ہو۔ ہمارے ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات، پائیدار ترقی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے آپ برازیل پر انحصار کر سکتے ہیں۔
جرمنی
جرمن چانسلر اولف شولز نے اپنے ایک بیان میں کہا، میں برطانیہ میں اپنی ایک ہم خیال پارٹی کے لیڈر کی انتخابات مین فتح پر مسرت کا اظہار کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:برطانیہ کے نومنتخب وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر کون ہیں؟
اٹلی
اٹلی کے وزیرِ اعظم جیارجیا میلونی نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میری جانب سے کیئر اسٹارمر کو ان کے انتخاب پر مبارکباد۔ اٹلی اور برطانیہ کے درمیان تعلقات شاندار ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ہم اپنے عظیم ملکوں کے درمیان مضبوط اور پر اعتماد تعاون میں اضافہ جاری رکھیں گے۔
نیٹو
نیٹو کے سیکریٹری جنرل یینزاسٹولٹن برگ نے کیئر اسٹارمر کو وزیرِ اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا،”میں اگلے ہفتے واشنگٹن میں نیٹو کے سربراہی اجلاس میں ان کے استقبال اور ان سے ملاقات کا منتظر ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:برطانوی انتخابات: لیبر پارٹی نے میدان مارلیا،کیئر اسٹارمر وزیراعظم ہونگے
آئرلینڈ
آئر لینڈ کے وزیرِ اعظم نے ایک پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک آئرش اور ایک برطانوی وزیرِ اعظم کے درمیان تعلقات بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ اب ایک بڑے امتحان کا وقت ہے۔ آج کی صبح میں ڈبلن سے لندن کو ایک پیغام دینا چاہتا ہوں کہ میں بہت سے امور پر، اپنے امن کے عمل اور مستقبل کے ہمارے امکانات پر کیئر اسٹارمر کے عزم اور توانائی کی برابری کی کوشش کروں گا۔
یوکرین
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے بھی ایکس پر کیئر اسٹارمر کو مبارباد دی۔ انہوں نے لکھا کہ یوکرین اور برطانیہ اچھے، برے تمام حالات میں قابلِ اعتماد اتحادی رہیں گے اور زندگی، آزادی اور اصولوں پر قائم عالمی نظام کے لیے اپنی مشترکہ اقدار کے دفاع اور فروغ کے لیے کام کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پورے ملک کو ری سیٹ کرنا پڑے گا، نئے برطانوی وزیر اعظم کا پہلا خطاب
فرانس
فرانسیسی صدر ایمینوئیل کیراں نے بھی ایکس پر کیئر اسٹارمر کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے لکھاکہ میں ان سے پہلے بات چیت سے بہت خوش ہوں۔
ناروے
ناروے کے وزیرِ اعظم جونس گار استورے نے خبر رساں ادارے این بی ٹی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ووٹروں نے برطانیہ کی لیبر پارٹی کو ملک میں تبدیلی، لوگوں کی آمدنی مین اضافے اور ملکی اسکولوں اور نظامِ صحت کو مضبوط بنانے کا تاریخی اختیار دیا ہے۔ میری خواہش ہے کہ ایک انتہائی اہم منصب پر اسٹارمر خوش قسمت رہیں اور بہترین کارکردگی دکھائیں۔
یورپی یونین
یورپی یونین کی صدر ارسلا وانڈر لین نے کیئر اسٹارمر کی فتح پر انہیں ایکس پر اپنے پیغام میں مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ میں ایک تعمیری شراکت داری کے ساتھ، یورپی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آپ کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہوں۔
آسٹریلیا
آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے اپنے پیغام میں کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں لیکن، میں سر کیئر اسٹارمر اور اینجلا رینر اور برٹش لیبر پارٹی میں موجود اور بہت سے لوگوں کے ساتھ، جن سے میں واقف ہوں، مل کر کام کرنے کے لیے منتظر ہوں۔ متعدد امور پر ان کا اور ہمارا موقف مشترک ہے۔
یہ بھی پڑھیں:برطانوی انتخابات: پارٹی سربراہ جو 8ویں کوشش میں رکن پارلیمان بنے
کینیڈا
کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ترودو نے ایکس پر برطانیہ کے نو منتخب وزیرِ اعظم اسٹارمر کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ابھی آگے بحرِ اوقیانوس کے دونوں جانب اپنے ملکوں کے عوام کے لیے زیادہ فراخ اور منصفانہ مستقبل کی تعمیر کے لیے بہت کام کرنا باقی ہے۔ میرے دوست، آیے اس کا آغاز کریں۔
نیوزی لینڈ
نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم کرسٹوفر لکسن نے بھی برطانیہ کے نئے وزیرِ اعظم سرکیئر اسٹارمر کو ایکس پر مبارکباد دی۔ انہوں نے لکھا کہ نیوزی لینڈ اور برطانیہ بہت اچھے دوست ہیں اور مل کر بہت کچھ کر سکتے ہیں۔