26 جولائی کو اسلام آباد میں شروع ہونے والا دھرنا حق ملنے تک جاری رہے گا، حافظ نعیم الرحمان

پیر 22 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ فارم 47 کے ذریعے مسلط کردہ حکومت کو اب جھکنا پڑے گا، 26 جولائی کو شروع ہونے والا دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ہمیں ہمارا حق نہیں مل جاتا۔

راولپنڈی میں تاجر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت نے بے تحاشا ٹیکس عائد کرکے تاجروں کا بھی گلا گھونٹ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں ’حق دو عوام کو‘ تحریک 26 جولائی کو اسلام آباد سے شروع ہوگی، امیر جماعت اسلامی کا اعلان

حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ جاگیردار طبقہ حکومت کی صورت میں مسلط ہوکر عوام کا خون نچوڑ رہا ہے، بڑے جاگیرداروں کو ہزاروں ایکڑ زمینیں انگریز نے وفاداری کے نتیجے میں عطا کی تھیں، یہ صرف 4 فیصد ٹیکس کیوں دے رہے ہیں۔

25 کروڑ لوگ اپنی طاقت کو پہچانیں اور باہر نکلیں

انہوں نے کہاکہ 25 کروڑ لوگ اپنی طاقت کو پہچانیں، باہر نکلیں گے تو ظلم سے نجات مل جائے گی، ضروری ہے کہ مراعات یافتہ طبقے سے مراعات چھینی جائیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ جاگیردار طبقہ اپنے آپ کو ٹیکس نیٹ سے نکال کر غریبوں پر ٹیکس مسلط کررہا ہے۔ ججز، جرنیل اور مراعات یافتہ بیوروکریٹس بتائیں قوم کے ٹیکس سے مراعات کیوں لے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کا آئین کی بالادستی کے لیے کردار ادا کرنے پر اتفاق

انہوں نے کہاکہ اگر ہم ٹیکس دیتے ہیں تو پھر تعلیم، صحت اور امن و امان ہمارا آئینی حق ہے، جو ملنا چاہیے۔

ساری پارٹیاں اپنی باری کے انتظار میں ہیں

انہوں نے کہاکہ یہ ہمیں ہمارا حق دینے کے بجائے سوشل میڈیا پر پابندیاں عائد کرتے ہیں، ساری پارٹیاں اپنی اپنی باری کے انتظار میں ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ نوجوان باہر نکلیں اور اپنا حق لیں، ہم حکمرانوں کی طرح عوام کے ضمیر کا سودا نہیں کریں گے۔

عوام اپنے بچوں کی خاطر باہر نکل کر جماعت اسلامی کا ساتھ دیں

انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں سے کہتا ہوں کہ اپنے بچوں کی خاطر باہر نکلیں، اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

یہ بھی پڑھیں جماعت اسلامی نے اسلام آباد میں دھرنے کی تاریخ تبدیل کردی، یہ فیصلہ کیوں ہوا؟

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پرامن، منظم اور آئینی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، ہم اپنی قوم کو جلاؤ گھیراؤ، انارکی اور کسی غیر آئینی کام کی طرف نہیں دھکیلنا چاہتے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp