کراچی میں کئی افراد کو کچلنے والی خاتون کس کاروباری شخصیت کی بیٹی ہیں؟

پیر 19 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ گاڑی خاتون سے بے قابو ہوکر دیگر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم 26 سالہ لڑکی اور 60 سالہ مرد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار کی شناخت 60 سالہ عمران عارف کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ان کے ساتھ موٹر سائیکل پر ان کی بیٹی 26 برس کی آمنہ تھی، جو اپنے گھر واپس جارہے تھے۔

عمران عارف کون ہیں؟

متوفی عمران عارف اسکیم 33 گلزار ہجری میں رہائش پذیر تھے اور گزر بسر کے لیے سائیکل رکشے پر دکانوں پر پاپڑ فروخت کرتے تھے، ان کی 2 بیٹیاں اورایک بیٹا ہے، حادثے میں ان کے ساتھ جاں بحق ہونیوالی ان کی بیٹی آمنہ ماسٹرز ان بزنس ایڈمنسٹریشن کی طالبہ اور ایک نجی کمپنی میں ملازمت بھی کرتی تھی۔

پولیس کے مطابق ٹریفک حادثے میں ایک زخمی شہری عبدالسلام کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں کراچی ناردرن بائی پاس کے قریب ٹریفک حادثہ، 4 افراد ہلاک اور 16 زخمی

پولیس سرجن کے مطابق حادثے میں ملوث ملزمہ کے گھر والوں سے ان کی میڈیکل ہسٹری طلب کی ہے، ملزمہ کے میڈیکو لیگل تجزیہ کے لیے ان کے خون اور یورین کے نمونے لیے گئے ہیں، خاتون کے شوہر کے مطابق ملزمہ ذہنی تناؤ کی دوا لیتی ہیں، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے جلد حقائق سامنے آجائیں گے۔

پولیس نے حادثے کا مقدمہ متوفی عمران عارف کے بھائی امتیازعارف کی مدعیت میں قتل بالسبب اور لاپرواہی برتنے کی دفعات کے تحت بہادرآباد تھانے میں درج کرلیا ہے، جبکہ گرفتار خاتون ڈرائیور کو میڈیکل ٹیسٹ کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی چوٹ کے پیشِ نظر ان کے سر کا سی ٹی اسکین بھی کیا گیا ہے۔

’نتاشا نامی خاتون معروف کاروباری شخصیت دانش اقبال کی اہلیہ ہیں‘

دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کا سبب بننے والی خاتون نتاشا معروف کاروباری شخصیت دانش اقبال کی اہلیہ ہیں، اور حادثے کے وقت خاتون کے ساتھ اس کا شوہر بھی موجود تھا۔

پولیس نے بتایا کہ متاثرہ افراد سے رابطہ کرکے خاتون کے خلاف مقدمہ درج کیا جائےگا، کارساز کے مقام پر ٹریفک حادثے میں 2 گاڑیوں اور 4 موٹرسائیکلوں کونقصان پہنچا، اور حادثہ خاتون سے گاڑی بے قابو ہونے کے باعث پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں کراچی میں آئل ٹینکر الٹنے سے کار سوار ہلاک، ٹریفک شدید متاثر

دوسری جانب ایکسائز کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی BY 003 گل احمد کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp