بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص کو گاڑی چلانے کے دوران ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان جاری کردیا گیا۔ چالان ہونے پر اسے بتایا گیا کہ وہ چالان کی رقم ادا کرے یا پھر عدالت میں حاضر ہوجائے۔
بھارت میں اس طرح کے عجیب و غریب واقعات رونما ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے، اور وہاں کے ٹریفک قوانین کبھی کبھی عجیب بھی ہوجاتے ہیں، کیونکہ متعدد بار وہاں کے غیر معمولی ٹریفک چالان بھی سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح کا ایک واقعہ اتر پردیش میں بھی پیش آیا جہاں ایک ڈرائیور کو گاڑی چلاتے وقت ہیلمٹ نہ پہننے پر جرمانہ کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: انوشکا شرما کے باڈی گارڈ پر ہیلمٹ، لائسنس کے بغیر سواری کرنے پر جرمانہ
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے کار ڈرائیور کو 1ہزار روپے کا جرمانہ عائد کرنا ایک غیر معمولی واقعہ ہے، یہ عجیب و غریب واقعہ توشار سکسینہ نامی شخص کے ساتھ پیش آیا۔ ابتدائی طور پر توشار نے اسے نظرانداز کیا، لیکن جلد ہی ایک اور پیغام اور ای میل کے ذریعے فالو اپ کیا گیا۔
میڈیا کے مطابق جب رامپور ضلع کے رہائشی نے پولیس سے رابطہ کیا تو اسے بتایا گیا کہ چالان گاڑی چلاتے وقت ہیلمٹ نہ پہننے پر تھا۔ اگرچہ اس کو ایک غلطی کہا جا سکتا ہے، لیکن معقول بات یہ ہے کہ پولیس افسر اسے درست قرار دے رہے ہیں۔
یہ معاملہ اس وقت زیادہ عجیب ہوگیا، جب سکسینہ کو جرمانہ ادا کرنے کو کہا گیا، اور جرمانہ ادا نہ کرنے پر اسے عدالت میں پیش کیے جانے کا کہہ دیا گیا۔ دوسری جانب توشار سکسینہ نے نوئیڈا ٹریفک پولیس سے درخواست کی ہے کہ جرمانہ واپس لے لیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: معیاری ہیلمٹ آپکو ’ٹائم آؤٹ‘ ہونے سے بچا سکتا ہے، پنڈی ٹریفک پولیس کی دلچسپ آگاہی مہم
واضح رہے اس سے قبل بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آچکا ہے، جب جھانسی کے رہائشی بہادر سنگھ پریہار کو اپنی آڈی چلاتے وقت ہیلمٹ نہ پہننے پر 1ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ بہادر سنگھ نے جواب میں گاڑی چلاتے وقت ہیلمٹ پہن لیا۔