اگست میں غزہ اور شمالی علاقوں میں 15 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے، اسرائیلی میڈیا

جمعرات 29 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی حکام نے اگست 2024 میں غزہ کی پٹی اور لبنان کے شمالی محاذ پر 15 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔

اسرائیلی اخبار ماریو کی رپورٹ کے مطابق اگست میں غزہ اور لبنان دونوں محاذوں پر اسرائیل کے لیے سب سے خونریز مہینہ ثابت ہوا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو اپنے بیٹے کی فکر لاحق، امریکا سے مزید مدد مانگ لی

اخبار نے اسرائیلی حکام کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ رواں ماہ غزہ کی پٹی کے علاوہ لبنان کے ساتھ سرحدی محاذ پر ہونے والی جھڑپوں کے دوران قابض اسرائیلی فوج (آئی او ایف)کے 15 فوجی ہلاک ہوئے۔

بدھ کو قابض فوج نے جنوبی غزہ کی پٹی میں لڑائی کے دوران ایلیٹ ناہل بریگیڈ کی 932 ویں بٹالین کے ایک فوجی کی ہلاکت کا اعتراف کیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق لڑائی کے دوران ہلاک ہونے والا فوجی اہلکار امیت فریڈمین نیسیٹ کے رکن اور اس کی خارجہ امور اور سلامتی کمیٹی کے ڈائریکٹر آصف فریڈمین کے بیٹے تھے۔

مزید پڑھیں:نیتن یاہو ہمارے بچوں کو دفن کر رہا ہے، تل ابیب اسرائیلی مظاہرین کے نعروں سے گونج اٹھا

اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کے مطابق پیر کو اسرائیلی قابض افواج کا ایک ریزرو فرسٹ سارجنٹ وسطی غزہ کی پٹی میں جھڑپوں کے دوران ہلاک ہو گیا تھا۔

رپورٹس سے پتا چلتا ہے کہ آئی او ایف کا یہ فلسطینی عوام کے خلاف جاری نسل کشی میں ملوث سارجنٹ فلسطینی سیکٹر کے مرکزی حصے میں کارروائیوں میں حصہ لینے کے دوران دھماکا خیز مواد سے زخمی ہوا تھا۔ سارجنٹ مبینہ طور پر بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

میڈیا کے مطابق چند روز قبل قابض اسرائیلی فوج کے ہلاک ہونے والے 6 اہلکاروں کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ غزہ کی پٹی میں مختلف محاذوں پر جاری لڑائی کے دوران 5 فوجی ہلاک ہوئے جبکہ ایک اہلکار شمالی علاقے میں نہاریہ کے قریب دوورا جنگی جہاز پر ڈیوٹی کے دوران ایک حملے میں مارا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:غزہ جنگ بندی مذاکرات: اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدہ نہ ہوسکا

میڈیا کے مطابق الاقصیٰ فلڈ کے آپریشن کے آغاز کے بعد سے ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 703 تک پہنچ گئی ہے، ان میں سے 339 ہلاکتیں غزہ کی پٹی میں زمینی لڑائی کے آغاز کے بعد سے ہوئی ہیں، جو ان اعداد و شمار کی بنیاد پر ہیں، جو قابض اسرائیلی فوج نے جاری کرنے کی اجازت دی ہے۔

دریں اثنا، قابض اسرائیلی فوج اپنے نقصانات کی مکمل معلومات کو چھپانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp