گلگت بلتستان کا پہلا میوزیم علاقے کی تاریخ اور ثقافت کو محفوظ کرنے اور دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے، گلگت بلتستان ہمیشہ سے قدیم تہذیبوں اور مختلف ثقافتوں کا مرکز رہا ہے جہاں کئی ثقافتی اور تجارتی راستے آپس میں ملتے تھے۔ اس خطے کی قدیم روایات، طور طریقوں اور لباس کو محفوظ کرنے اور دِکھانے کے لیے ایک میوزیم کا قیام ضروری تھا۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان کی قدیم و جدید تاریخ کو محفوظ بنانے کے لیے ہسٹری میوزیم کا قیام
یہ میوزیم علاقے کی ثقافت، تاریخی اشیا، روایتی لباس، ہتھیار، آرٹ، اور دستکاری کے نمونوں سمیت یہاں ہر موجود نایاب پرندوں اور جانوروں کو ایک جگہ جمع کرتا ہے۔
اس میوزیم میں گلگت بلتستان کی مختلف وادیوں کی ثقافتی پہچان کو اجاگر کیا گیا ہے۔
میوزیم میں مختلف حصے بنائے گئے ہیں، ہر حصے میں مخصوص علاقے کے مطابق اشیا رکھی گئی ہیں اور میوزیم ان علاقوں کی ثقافت کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گولڑہ شریف ریلوے میوزیم میں کیا کچھ خاص ہے؟
میوزیم کا ایک حصہ موسیقی کے آلات کے لیے مخصوص ہے، جہاں علاقے کی قدیم موسیقی کے آلات رکھے گئے ہیں جو یہاں کی موسیقی کی تاریخ کو ظاہر کرتے ہیں۔
میوزیم میں قدیم دستاویزات اور معلومات ریسرچ کے بعد محفوظ کی گئی ہیں۔ ان میں علاقے کی تاریخ، زبان اور مذہبی کتب شامل ہیں جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ گلگت بلتستان ہمیشہ علم و ادب کا مرکز رہا ہے، ہرعلاقہ ثقافت علم و ادب اور رہن سہن کے اعتبار سے مختلف ہے۔
یہ میوزیم نہ صرف سیاحوں کے لیے ایک دلچسپ جگہ ہے بلکہ یہاں مقامی لوگوں کے لیے بھی اپنے ثقافتی ورثے، تاریخ اور روایات کے بارے میں آگاہی ملے گی۔