ٹی20 اور ون ڈے کرکت میں پاکستان کی نمائندگی کرنیوالے لیگ اسپنر عثمان قادر نے پاکستان کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ان کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز رہا ہے، جس پر وہ اپنے کوچز اور ساتھیوں کے شکر گزار ہیں۔
— Usman Qadir (@Qadircricketer) October 3, 2024
مایہ ناز پاکستانی لیگ اسپنر عبدالقادر کے بیٹے عثمان قادر نے پاکستان کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان ایکس ڈاٹ کام پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعہ کیا، جس میں انہوں نے اپنے مستقبل کے ارادوں پر روشنی ڈالے بغیر تشکر کے جذبات سے لبریز انگریزی میں تحریر ایک خط کا عکس شیئر کیا ہے۔
’جب میں اپنے اس ناقابل یقین سفر پر غور کرتا ہوں تو میں دلی طور پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز رہا ہے، اور میں اپنے کوچز اور ساتھی ساتھیوں کی حمایت کا شکر گزار ہوں جو ہر قدم پر میرے ساتھ رہے ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے مستعفی: ’ کیا ان سے استعفیٰ لیا گیا؟‘
ایک ون ڈے اور 25 ٹی20 میں پاکستان کی نمائندگی کرنیوالے عثمان قادر ڈومیسٹک کرکٹ میں پشاور زلمی کی جانب سے کھیلتے رہے ہیں، اپنے نئے سفر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے اپنے شہرہ آفاق لیگ اسپنر والد عبدالقادر کے کھیل کی میراث کو جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔
اپنے ٹی20 کرکٹ کریئر میں 31 وکٹیں حاصل کرنے والے 31 سالہ لیگ اسپنر نے اپنے ’ریٹائرمنٹ نوٹ‘ میں بتایا ہے کہ ناقابل فراموش فتوحات سے لے کر چیلنجوں تک، جن کا انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سامنا کیا، ہر لمحے نے ان کے کیریئر کو تشکیل دیا اور ان کی زندگی کو تقویت بخشی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستانی کرکٹرز فٹنس کے مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اتر سکے، وارننگ جاری
’میں دل کی گہرائیوں سے ان پرجوش مداحوں کی قدر کرتا ہوں جو ہمیشہ میرے ساتھ کھڑے رہے ہیں، آپ کی غیر متزلزل حمایت کا مطلب دنیا ہے۔۔۔اس نئے باب میں قدم رکھتے ہوئے کرکٹ سے اپنی محبت اور اپنے والد کے سکھائے ہوئے سبق دونوں کو عزیز تر جانوں گا اور والد کی میراث کو جاری رکھوں گا۔‘
عثمان قادر نے اپنے ساتھی کرکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ اپنے ساتھ پاکستانی کرکٹ کا جوش و جذبہ اور مشترکہ خوبصورت یادیں لے کر جائیں گے۔ ’ہر چیز کے لیے آپ کا شکریہ، تشکر کے ساتھ، عثمان قادر۔‘