خیبر پختونخوا (کے پی کے) حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے لیے لگائی جانے والی بولی میں حصہ لینے کے لیے وفاقی حکومت کو خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت ملک کے اس قیمتی اثاثے کو محفوظ رکھنے کے لیے اس کی خریداری میں دلچسپی رکھتی ہے۔
جمعہ کو خیبر پختونخوا کے بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی جانب سے وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالحلیم خان کے نام لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ’بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ خیبر پختونخوا آپ کے دفتر کو نیک خواہشات پیش کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ، چیئرمین بورڈ اور کے پی کے کے عوام کی جانب سے ہم پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی فروخت کے لیے بولی کے عمل میں حصہ لینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہیں۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے یہ خط پاکستان ایئر لائنز (پی آئی اے ) کی فروخت کے لیے لگائی جانے والی بولی میں کے پی کے کی حکومت کی باضابطہ شمولیت کے لیے لکھا جا رہا ہے۔
خط کے متن میں لکھا گیا ہے کہ پاکستان کی قومی فضائی کمپنی کی حیثیت سے پی آئی اے قوم کے لیے ایک اہم اثاثہ ہے جو ہماری قومی شناخت اور فخر کی علامت ہے۔ پی آئی اے کو قومی دھارے میں برقرار رکھنے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ہمیں ہدایت کی ہے کہ اس معاملے کو فعال طور پر آگے بڑھایا جائے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ ایئرلائن کسی نجی یا غیر ملکی حمایت یافتہ ادارے کو منتقل کرنے کے بجائے حکومت پاکستان کے کنٹرول میں ہی رہے۔
یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے نجکاری: واحد کمپنی بلیو ورلڈ سٹی نے ریزور سے کم بولی لگادی، معاملہ ملتوی
خط کے متن میں کے پی کے حکومت کی طرف سے پیش کش کی گئی ہے کہ ہم بلیو ورلڈ کنسورشیم کی جانب سے 10 ارب روپے کی موجودہ بلند ترین بولی سے زیادہ پیشکش کرنے کے لیے تیار ہیں اور اس عمل میں مضبوط اور مسابقتی پوزیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ ہم درخواست کرتے ہیں کہ کے پی کے کی حکومت کی اس تجویز کو پی آئی اے سمیت قومی اثاثوں کو عوامی مفاد کے لیے محفوظ رکھنے کے لیے ایک قابل عمل آپشن کے طور پر سمجھا جائے۔ مزید برآں، اگر ہمیں فوری طور پر آپ کی ٹیم سے ملاقات کا موقع ملے تو ہمیں اپنی تجویز تفصیل سے پیش کرنے، پی آئی اے کے لیے ہمارے اسٹریٹجک وژن پر تبادلہ خیال کرنے اور زیادہ سے زیادہ بولی کو پورا کرنے کے بارے میں تفصیل سے بتانے کا موقع ملے گا۔
مزید پڑھیں: ’صرف اللہ کی رضا کی خاطر‘، بلیو ورلڈ سٹی پی آئی اے کی خریداری میں کیوں دلچسپی لے رہی ہے؟
خط میں لکھا گیا ہے کہ برائے مہربانی ہمیں اس حوالے سے وقت بتایا جائے، کیونکہ ہم اس اہم قومی مفاد کو محفوظ بنانے کے لیے تیزی سے اور فیصلہ کن طور پر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہماری تجویز پر غور کرنے کے لیے شکریہ، کے پی کے حکومت پاکستان کی خدمت کرنے کے اس نادر موقع کے منتظر ہیں۔