وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی باکو (آذربائیجان) میں کانفرنس آف پارٹیز (COP-29) کے کلائیمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
وزیرِاعظم کی متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان سے ملاقات ہوئی، جس میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم کی ترکیہ صدر رجب طیب اردوان اور ترکیہ کی خاتون اول امینہ اردوان سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں ترکیہ ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم کی اس موقع پر عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی ہوئیں، وزیراعظم کی برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان برطانیہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کی۔
اس کے علاوہ شہباز شریف کی ازبکستان کے صدر شوکت مرزیویف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے بھی ملاقات ہوئی،جس میں وسط ایشیائی ممالک اور پاکستان میں گلیشیئرز و آبی وسائل کے تحفظ پر گفتگو کے ساتھ ساتھ پاکستان کے تاجکستان اور ازبکستان سے مواصلاتی روابط کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔
یہ بھی پڑھیں کیا موسمیاتی تبدیلی سے کوہ پیمائی مزید مشکل ہوتی جارہی ہے؟
وزیراعظم کی نیپال کے صدر رام چندر پاؤڈیل اور بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں جنوبی ایشیا میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت، بلند ہوتی سطح سمندر کے خطرات اور جنگلات کے تحفظ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش اور نیپال کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔