190ملین پاؤنڈ کیس، بشریٰ بی بی کی گرفتاری کے لیے نیب ٹیم پشاور پہنچ گئی

جمعہ 29 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی احتساب بیورو یعنی نیب نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے گرفتاری کے وارنٹ پر عملدرآمد کا فیصلہ کرتے ہوئے نیب راولپنڈی کی ٹیم ان کیٰ گرفتاری کے لیے پشاور بھیج دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب نے بشریٰ بی بی کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اور اس ضمن میں نیب پنڈی کی ٹیم کو خیبر پختونخوا روانہ کردیا گیا ہے، گرفتاری کے لیے نیب کی ٹیم خیبر پختونخوا پولیس کی بھی مدد لے گی۔

یہ بھی پڑھیں:190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت میں مسلسل عدم پیشی پر بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی تھی۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف190 ملین پاؤنڈز ریفرنس پر سماعت کے دوران جج ناصرجاوید رانا کی عدم دستیابی کے باعث کوئی کاروائی نہ ہوسکی۔

مزید پڑھیں:190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیا ہے اور اس کا بحریہ ٹاؤن سے کیا تعلق ہے؟

عدالت نے مسلسل عدم پیشی پر جاری بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے ریفرنس پر مزید سماعت2 دسمبر تک ملتوی کردی تھی۔

واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی 22 نومبر کو ہونیوالی سماعت میں عدالت نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، بشریٰ بی بی گزشتہ سماعت پر بھی اڈیالہ جیل میں منعقدہ عدالتی کارروائی میں شامل نہیں ہوئی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp