اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ سے ینگ پارلیمنٹیرینز فورم پاکستان کے وفد نے صدر وائی پی ایف، ممبر قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار کی قیادت میں ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں وائی پی ایف سندھ چیپٹر کے باضابطہ قیام کی بنیاد رکھنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کا مقصد نوجوان قانون سازوں کو بااختیار بنانا اور سماجی و قانون سازی کے مسائل پر تعاون کو فروغ دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں کامیاب خواتین ارکان اسمبلی عام خواتین کے لیے کیا کریں گی؟
ترجمان اسپیکر سندھ کے مطابق ملاقات میں نوجوان قانون سازوں کے کردار پر زور دیا گیا جو قومی مسائل کے حل میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
اس موقع پر سیدہ نوشین افتخار نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں سیاسی تقسیم کے خاتمے اور نوجوانوں میں اتحاد پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ وائی پی ایف پاکستان اپنے وفاقی اور صوبائی چیپٹرز کے درمیان مضبوط تعاون کو یقینی بنائے گا تاکہ قوم پرستی کو فروغ دیا جا سکے اور جمہوری اقدار کو مضبوط کیا جا سکے۔
اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے کہاکہ جھوٹی خبریں اور غلط معلومات حکمرانی اور جمہوریت کےلیے بڑا خطرہ بن چکا ہے، اس مسئلے کو تعلیم، قانون سازی اور آگاہی مہمات کے ذریعے مشترکہ طور پر حل کرنے کرنے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں انسانی حقوق، خواتین کے حقوق اور نوجوانوں سے متعلق مسائل سمیت سماجی چیلنجز پر تعاون کے لیے ایک روڈ میپ بھی ترتیب دیا گیا۔
وائی پی ایف پاکستان اور وائی پی ایف سندھ چیپٹرز نے سندھ اسمبلی کی مدد سے مساوات، شمولیت اور مواقع کو فروغ دینے کے لیے قانون سازی کی کوششوں کا وعدہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں عام انتخابات میں اب تک کتنی خواتین کو کامیابی ملی؟
ملاقات میں وائی پی ایف اور سندھ اسمبلی نے ملک کے مستقبل کے رہنماؤں کے لیے ایک باہمی، جامع اور ترقی پسند پلیٹ فارم کی تشکیل کے عزم کا اعادہ کیا۔