بی ڈی ایس پروگرام کے حوالے سے جاری نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ

منگل 3 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں 110 اداروں سے زیادہ کی نمائندہ تنظیم پاکستان ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل انسٹی ٹیوشنز (پامی) نے پی ایم ڈی سی کی طرف سے 5 سالہ بی ڈی ایس پروگرام کے حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو مسترد کردیا ہے، اور مطالبہ کیا ہے کہ 27 نومبر کو جاری کیا گیا نوٹیفکیشن فی الفور منسوخ کیا جائے۔

پامی کے عہدیداروں نے کہاکہ یہ طلبہ، والدین، فیکلٹی اور کالجوں میں پریشانی کا باعث ہے، اس کے علاوہ یہ پاکستان میں دندان سازی کے پیشے کو ختم کرنے کی کوشش ہے۔

یہ بھی پڑھیں نیشنل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ متنازع کیوں؟

عہدیداروں نے کہاکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ پاکستان میں اب بھی ڈینٹل ڈاکٹرز کی کمی ہے، پی ایم ڈی سی نے فیصلہ کرنے سے قبل اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہیں لیا۔

’ہم حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ اس غیرقانونی عمل کے خلاف کارروائی کرے اور فیصلہ واپس کیا جائے بصورت دیگر پی ایم ڈی سی کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جائے گا‘۔

پامی کا کہنا ہے کہ ڈینٹل سرجری پروگرام 4 سے 5 سال تک کرنا ناقابل قبول ہے، ہم طبی اور دانتوں کی تعلیم کو عالمی معیارات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔ لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ اس حد تک فیصلے مناسب عمل کے بعد اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ایسا لگتا ہے کہ اس نوٹیفکیشن کے اجرا میں ضروری مشاورتی عمل کو نظرانداز کیا گیا ہے، جس میں کلیدی طبی معلمین اور پریکٹیشنرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، جبکہ ایسا بھی معلوم ہوتا ہے کہ یہ نوٹیفکیشن اکیڈمک بورڈ کی سفارشات کے بغیر جاری کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں 24 نومبر احتجاج: اسلام آباد میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ملتوی، نئی تاریخ کیا ہوگی؟

پامی نے کہاکہ اس اچانک تبدیلی کے مضمرات دوررس ہیں جو طلبہ، اداروں اور کمیونٹی کو متاثر کررہے ہیں، لہٰذا 27 نومبر کا نوٹیفکیشن فی الفور واپس لیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp