عمر ایوب و راجا بشارت رہا، گرفتاری پر عدالت کا اظہاربرہمی

جمعہ 6 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں عمر ایوب اور راجہ بشارت کو رہا کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی کیس نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا۔ جج امجد علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت ہونے کے باوجود کیوں گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جی ایچ کیو حملہ کیس: عمران خان پر فرد جرم عائد، عمر ایوب اور راجا بشارت گرفتار

پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب اور راجہ بشارت اور ناصر چٹھہ سمیت گرفتار 5 رہنماؤں کو آج انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عمر ایوب اور راجہ بشارت کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے دلائل دیے۔

عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری پر برہمی کا اظہا کیا اور گزشتہ روز گرفتار کیے گئے تمام پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔ بعد ازاں عدالتی کارروائی پوری ہونے کے بعد عمر ایوب اور راجہ بشارت کو رہا کر دیا گیا۔ عدالت نے ایس پی صدر راولپنڈی نبیل کھوکھر سمیت 5 افسران کو توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جی ایچ کیو حملہ کیس میں نامزد ملزمان کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد

رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ یہ غیرقانونی حراست تھی، میرے پاس پشاور ہائیکورٹ کی حفاظتی ضمانت تھی۔ آپ دیکھیں گے شہباز شریف، محسن نقوی، آئی جی پنجاب اور ڈی پی او اٹک پر ایف آئی آر درج ہو گی۔

یہ غیر قانونی حراست تھی، میرے پاس پشاور ہائیکورٹ کی حفاظتی ضمانت تھی۔ آپ دیکھیں گے شہباز شریف، محسن نقوی، آئی جی پنجاب اور ڈی پی او اٹک پر ایف آئی آر درج ہو گی، رہائی کے بعد عمر ایوب خان کی میڈیا سے گفتگو pic.twitter.com/6U8zm81t0g

عمر ایوب نے کہا کہ اپنے وکیل بابر اعوان کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے محنت کی اور آج عدالت نے ضمانت منظور کی، میرے پاس پشاور ہائیکورٹ کی اومنی بس حفاظتی ضمانت موجو تھی، اس کے باوجود غیرقانونی حراست میں اڈیالہ جیل اور پولیس لائنز میں رکھا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ عدالت نے پولیس سے جب پوچھا کہ انہوں نے ہمیں کس طریقہ کار کے تحت حراست میں رکھا ہے تو پولیس کے پاس اس سوال کا کوئی جواب نہیں تھا۔

رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ بشاورت نے کہا کہ ملک کے نظام کو مذاق بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے ہمیں اڈیالہ چوکی میں رکھا گیا، بعدازاں پولیس لائنز میں منتقل کردیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اٹک پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر سے پی ٹی آئی رہنماؤں کو اڈیالہ جیل سے گرفتار کرلیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمر ایوب کی درخواستِ بریت خارج

گزشتہ روز انسداد دہشتگردی عدالت نے جی ایچ کیو پر حملہ کیس میں بانی چیئرمین عمران خان پر فرد جرم عائد کی تھی۔ اس کیس میں عمران خان سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔ ملزمان میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور پی ٹی آئی رہنما راشد شفیق و زرتاج گل بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ 9 مئی کو جی ایچ کیو پر حملے کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں بانی پی ٹی آئی سمیت 143 ملزمان نامزد ہیں اور ان میں سے 23 ملزمان کو پہلے ہی اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp