’یوم انسداد بد عنوانی‘ کے موقع پر خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اراکین اپنی ہی حکومت پر کرپشن اور حقوق نہ دینے کے الزام لگا کر ’مشیر انسداد بدعنوانی‘پر پھٹ پڑے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر کی سربراہی میں شروع ہوا تو ضلع تورغر سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی لائق محمد اپنی ہی حکومت پر پھٹ پڑے۔ تقریر کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج انسداد بدعنوانی کا عالمی دن ہے۔ اس موقع پر ایوان میں اپنے ضلع میں ہماری حکومت کے دوران ہونے والی کرپشن پر بات کروں گا۔
لائق محمد خان نے کہا کہ ضلع تورغر میں ان کے حلقے میں کرپشن ہو رہی ہے مگر کوئی اس کو روک نہیں رہا۔ انہوں نے مشیر انسداد بدعنوانی مصدق عباسی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔اور کہا کہ مشیر انسداد بدعنوانی مصدق عباسی کو اربوں روپے کے 2 کیسز بھجوائے مگر کوئی کارروائی نہیں کی۔
انہوں نے کہا ان کے پاس تمام ثبوت ہیں لیکن کوئی ایکشن لینے کو تیار نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کرپشن کی روک تھام کے لیے ضلع میں تعینات سرکاری افسر خود بھی کرپشن میں ملوث ہیں اور مبینہ طور پر ہفتہ وصول کر رہا ہے۔
وفاق سے حق مانگنے والے ہمیں حق نہیں دے رہے، پی ٹی آئی رکن
کوہاٹ سے حکومتی ایم پی اے داؤد شاہ بھی ترقیاتی کاموں اور گیس رائیلٹی نہ دینے پر اپنی ہی حکومت پر برس پڑے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے حلقے کو سڑکوں اور دیگر ترقیاتی کاموں سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ کو گیس رائیلٹی سے بھی محروم رکھا گیاہے۔ حکومت کوہاٹ کو حق نہیں دے رہی ہے۔ رکن اسمبلی نے احتجاجاً اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے واک آوٹ کر دیا۔