فیض حمید نے آرمی چیف کی تقرری اور بڑے سیاسی منصوبے کے لیے آصف زرداری سے رابطہ کیاتھا، شہلا رضا

بدھ 11 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شہلا رضا نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید نے نئے آرمی چیف کی تقرری کی تجویز کے لیے صدر آصف علی زرداری سے رابطہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:فیض حمید کے خلاف چارج شیٹ، سپریم کورٹ بار کا خیر مقدم

بدھ کو ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں شہلا رضا نے دعویٰ کیا کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید دوسروں کے ساتھ مل کر طویل حکمرانی کی منصوبہ بندی کرنا چاہتے تھے اور اس سلسلے میں انہوں نے موجودہ صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی رابطہ کیا۔

شہلا رضا کا کہنا تھا کہ فیض حمید اور آصف علی زرداری نے مبینہ طور پر طویل المدتی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا تھا جس میں آرمی چیف کی تقرری بھی شامل تھی۔

شہلا رضا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ یہ کہا گیا تھا کہ فیض حمید سیاستدانوں اور دوسرے کچھ لوگوں کے ساتھ مل کر طویل حکمرانی کی منصوبہ بندی کر رہےہیں، اس حوالے سے فیض حمید نے آرمی چیف کی تقرری پر بھی آصف علی زرداری سے بات کی۔

مزید پڑھیں: رانا ثنا اللہ کے لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم انکشافات

شہلا رضا نے موجودہ سیاسی ماحول پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 26 ویں آئینی ترمیم کے بارے میں اپنے خدشات سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) پر کارروائی نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ 3 اجلاس ہونے چاہیے تھے لیکن ابھی تک ایک اجلاس بھی نہیں بلایا گیا۔

شہلا رضا نے صوبہ سندھ کے مسائل کے حل کے لیے وفاق سے بات نہ کرنے پر اپنی پارٹی پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اہم معاملات پر نظر انداز کیا جا رہاہے جبکہ پارٹی قیادت مرکزی حکومت سے بات چیت سے گریزاں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ممکن ہے فیض حمید اور عمران خان کا ایک ساتھ ٹرائل ہو، وزیردفاع خواجہ آصف

شہلا رضا نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک پارلیمانی کمیٹی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو عوام خصوصاً کسی بھی احتجاج کے دوران زخمیوں کے مسائل کو حل کرنے میں معاونت کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp