مری ڈیولپمنٹ پلان کے خلاف مقامی عمائدین کا گرینڈ جرگہ، پولیس میدان میں آگئی

پیر 16 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مری میں کوہسار گرینڈ جرگہ کے خلاف پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔

مری میں متحدہ ایکشن کمیٹی کے گرینڈ جرگہ سے خطاب کرنے والے رہنماؤں کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

مقدمے کی ایف آئی آر میں جرگے میں خطابن کرنے والے متحدہ ایکشن کمیٹی کے رہنما راجا طفیل اخلاق کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے، ایف آئی آر میں دہشتگردی سمیت متعدد دفعات شامل کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہماری عمارتیں گرائیں گے تو پھر سب کی گریں گی، شاہد خاقان نے ایسا کیوں کہا؟

مقدمے کی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ راجا طفیل اخلاق نے تقریر کے ذریعے لوگوں کو اشتعال دلایا۔

واضح رہے کہ 2  روز قبل پنجاب  حکومت کے’مری ڈیولپمنٹ پلان’ کے خلاف مری  میں گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا گیا تھا،جس میں  مختلف سیاسی جماعتوں، تاجروں اور عوام نے شرکت کی۔

مری کے علاقے لوئر ٹوپہ کے مقام پر گرینڈ عوامی جرگہ منعقد ہوا اور 27 دسمبر کو مری کے تمام چھوٹے بڑے بازاروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملکہِ کوہسار کے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی، بڑے پیمانے پر درخت جل کر خاکستر

گرینڈ جرگے سے ن لیگ نے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ جرگے میں  تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام نے بھی بھرپور شرکت کی۔

مری ڈیویلپمنٹ پلان کیا ہے؟َ

رواں سال جون میں  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں مری ڈویلپمنٹ پلان کی منظوری دی گئی تھی، اجلاس میں مری کی ڈویلپمنٹ،بیوٹی فیکیشن، ٹرانسپورٹ، تعمیر وبحالی کے پراجیکٹس منظور کئے گئے-

راولپنڈی تا مری ٹورسٹ گلاس ٹرین پراجیکٹ

پلان کے مطابق راولپنڈی تا مری ٹورسٹ گلاس ٹرین پراجیکٹ کی منظوری دی گئی تھی، ٹورسٹ گلاس ٹرین کے لیے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ہائی رائز ہوٹل بلڈنگ ہٹانے کا فیصلہ

مال روڈ پر مری کے قدرتی مناظر میں حائل ہائی رائز ہوٹل بلڈنگ ہٹانے کا فیصلہ بھی کیا گیا،جی پی او چوک سے ہوٹل متبادل مقام پر منتقل کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا تھا، مال روڈ پر قدیمی عمارتوں کی یکساں صورت، سائن اور کلر سکیم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

تاریخی عمارات کے قدیمی نام بحال کرنے کا فیصلہ

علاوہ ازیں مری سمیت ہر شہر،علاقے، تاریخی عمارات کے قدیمی نام بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا،مری میں تعمیرات کے لیے بلڈنگ لاز میں ترمیم،منظوری کا اختیار صوبائی سطح پر منتقل کرنے کی منظوری دی گئی-غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دینے والے حکام کے خلاف کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔

پانی کی فراہمی کا منصوبہ

مری میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے قلیل، اوسط اور طویل المدتی جامع پلان کی منظوری بھی دی گئی تھی،مری کے دیہات کی 53 کلومیٹر سٹریٹ میں آر سی سی اور ٹف ٹائل لگانے،ارش کو ذخیرہ کرکے گھریلو استعمال میں لانے، گھروں کی چھتوں سے گرنے والے بارشی پانی کو محفوظ کرکے سٹور کرنے کے پراجیکٹ کی منظوری دی گئی تھی-

اولڈ راولپنڈی، مری کشمیر روڈ کی تعمیر و توسیع

اولڈ راولپنڈی، مری کشمیر روڈ کی تعمیر و توسیع کی منظوری دی گئی تھی، اولڈ مری روڈ میں عارضی پارکنگ کی جگہ بھی بنائی جائے گی، جھیکا گلی چوک کی ری ماڈلنگ،تجاوزات ہٹا کر توسیع اور لارنس کالج روڈ، بوسٹال موڑ تا بروری روڈ کی تعمیر و بحالی،  بانسرہ گلی وائلڈ لائف پارک میں ٹری ہاؤس، کیمپنگ سائٹ،واک ویز، ٹیرس پارکنگ ایریا بنانے کا فیصلہ کیاگیا تھا-

سیاحوں کے لیے دلکش سہولیات

پی آئی اے، باغ شہیداں پارک کی انٹرنس، تعمیر نو اور سیاحوں کے لیے دلکش واک ویز بنائی جائے گی، مری بائیو ڈاؤرسٹی پارک سے پودوں، پرندوں اورجانوروں کے لیے قدرتی ماحول کی فراہمی اور پکنک ایریا بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا-

مری بائیو ڈاؤرسٹی پارک میں سیاحوں کے لیے ہٹس سٹی بنانے، پارک میں آرٹسٹ کارنر، واک ویز، واکنگ ٹریک، ایکو ٹورازم کے فروغ کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp