190 ملین پاؤنڈ کیس کا کچھ بھی فیصلہ آئے حکومت پی ٹی آئی مذاکرات آگے بڑھنے چاہییں، رانا ثنااللہ

جمعہ 20 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ کچھ بھی آئے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھنا چاہیے، سیاسی مسائل کا بات چیت کے علاوہ کوئی حل نہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے ساتھ ہر ایشو پر بات چیت ہو سکتی ہے لیکن یہ گارنٹی نہیں کہ کون سی بات مانی جائےگی۔

یہ بھی پڑھیں وفاقی وزیر کی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان رابطوں اور مذاکرات کی تردید

انہوں نے کہاکہ ن لیگ میں یہ احساس موجود ہے کہ سیاسی مسائل کا حل مذاکرات سے ہوگا، اسپیکر کا آج وزیراعظم سے رابطہ ہوا ہے، ایک دو روز میں کمیٹی بنانے پر پیشرفت ہو جائے گی۔

رانا ثنااللہ نے کہاکہ تحریک انصاف حکومت کے ساتھ بے شک رابطہ نہ کرے لیکن اسپیکر آفس کے ساتھ رابطہ رہنا چاہیے، اور میری معلومات کے مطابق وہ ہے۔

انہں نے کہاکہ جن چیزوں کی شکایات پی ٹی آئی کررہی ہے یہ ہم بھگت چکے ہیں، جب ٹیبل پر بیٹھیں گے تو ان کو یاد کرائیں گے کہ یہ سب 2018 سے ہو رہا ہے۔

مشیر وزیراعظم نے کہاکہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا جو معاملہ ہے وہ ہمارے ہاتھ میں نہیں، اس کا جو بھی فیصلہ ہو مذاکرات کا عمل رکنا نہیں چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ہے جس میں مدارس رجسٹریشن بل سے متعلق معاملہ حل ہونے کی امید ہے۔

رانا ثنااللہ نے کہاکہ اب وزارت قانون اس پر جو بھی رائے دے گی وہ دونوں فریقین کو قبول ہوگی، مولانا فضل الرحمان کی ملاقات اگر 10 روز پہلے ہو جاتی تو پہلے ہی مسئلہ حل ہو جانا تھا۔

یہ بھی پڑھیں مدارس رجسٹریشن بل: حافظ نعیم الرحمان نے مولانا فضل الرحمان کے مؤقف کی مخالفت کردی

انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کا مؤقف ہے کہ ان کے مدارس کو سوسائٹیز ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ کیا جائے، تاہم جو مدارس دیگر بورڈز کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں اس پر بھی ان کا کوئی اعتراض نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp