فیفا کی ویب سائٹ خرابی، درجنوں شائقین کو مفت ورلڈ کپ ٹکٹ مل گئے

جمعہ 5 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بین الاقوامی فٹ بال تنظیم فیفا نے تصدیق کی ہے کہ اس کی ویب سائٹ میں تکنیکی خرابی کے باعث تقریباً 60 شائقین کو ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹ مفت میں جاری ہو گئے تھے۔

فیفا کے مطابق چیک آؤٹ کے دوران ادائیگی کے نظام میں پیدا ہونے والی خرابی کے سبب بعض ٹکٹ ‘0 امریکی ڈالر’ میں مختص ہو گئے۔

فیفا نے ایک بیان میں کہا کہ 3 جون کو متاثرہ شائقین کو ایسے ٹکٹوں کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی جو ادائیگی کے بغیر ان کے نام پر جاری ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026: آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا بڑا فراڈ، 36 جعلی ویب سائٹس متحرک، الرٹ جاری

تاہم تنظیم نے واضح کیا ہے کہ یہ ٹکٹ مستقل طور پر مفت نہیں ہیں اور شائقین کو اب ان کی اصل قیمت ادا کرنا ہوگی۔

فیفا کے مطابق ٹکٹ ابھی بھی متعلقہ شائقین کے لیے محفوظ ہیں اور انہیں درست رقم ادا کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔

تنظیم نے اس غلطی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہونے والی پریشانی پر معذرت خواہ ہیں، تاہم ٹکٹ برقرار رکھنے کے لیے ادائیگی ضروری ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ افراد کو 7 دن کی مہلت دی گئی ہے۔ اگر مقررہ مدت کے اندر ادائیگی نہ کی گئی تو ان کی نشستیں منسوخ کر دی جائیں گی۔

ٹکٹ ٹاک نیٹ ورک کے مطابق یہ تمام ٹکٹ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ہونے والے گروپ مرحلے کے میچوں سے متعلق تھے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ورلڈ کپ 2026 کی ٹکٹنگ پالیسی پہلے ہی شدید تنقید کی زد میں ہے۔

مزید پڑھیں: 104 میچز، 48 ٹیمیں اور اربوں شائقین، فیفا ورلڈ کپ 2026 میں کیا کچھ نیا ہونے جارہا ہے؟

امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہونے والے اس میگا ایونٹ کے لیے متغیر قیمتوں کے نظام پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

شائقین کا کہنا ہے کہ طلب بڑھنے کے ساتھ ٹکٹوں کی قیمتیں غیرمعمولی حد تک بڑھ گئی ہیں جبکہ بعض افراد کی نشستوں کے مقامات بھی تبدیل کیے گئے۔

نیویارک اور نیو جرسی کے حکام نے بھی فیفا کی ٹکٹنگ پالیسیوں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا صارفین کے تحفظ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی تو نہیں ہوئی۔

مزید پڑھیں: فیفا نے ورلڈ کپ اسٹیڈیمز میں قابلِ استعمال پانی کی بوتلوں پر پابندی عائد کردی

دوسری جانب ورلڈ کپ فائنل کے ٹکٹوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

ثانوی مارکیٹ میں فائنل کا سستا ترین ٹکٹ تقریباً 7,869 ڈالر میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ میدان کے قریب نشستوں کی قیمت 12 ہزار ڈالر سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔

ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 11 جون کو میکسیکو سٹی اور گواڈالاخارا میں میچوں سے ہوگا، جبکہ فائنل نیویارک-نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp