پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر عبداللہ شفیق جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے میچ میں بھی صفر پر آؤٹ ہوگئے ہیں اور بدترین ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔
عبداللہ شفیق جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے تمام تینوں میچوں میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں جوہانسبرگ: پاک جنوبی افریقہ میچ بارش کے باعث روک دیا گیا
قومی کرکٹ ٹیم کے 24 سالہ بیٹر نے ایک اور ناپسندیدہ ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے، جس کے مطابق وہ ایک سال میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل ڈکس حاصل کرنے والے پاکستانی اوپنر بھی ہوگئے۔
رواں برس 2024 میں عبداللہ شفیق 21 اننگز میں 7 مرتبہ صفر پر پویلین لوٹنے والے کھلاڑی ہیں۔
اس سے قبل سابق کرکٹر عمران نذیر سال 2000 میں 6 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے، جبکہ محمد حفیظ سال 2012 میں 6 بار صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
سب سے زیادہ انٹرنیشنل ڈکس کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز اور سری لنکا کے تلکارتنے دلشان کے پاس ہے جو ایک سال میں 8 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں بابراعظم نے مہندرسنگھ دھونی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
عبداللہ شفیق کے لگاتار صفر پر آؤٹ ہونے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی پر سخت تنقید کی جارہی ہے اور ان کو ٹیم میں شامل رکھنے پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔