پاکستان نے جنوبی افریقہ کو آخری ون ڈے میں 37 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ کر دیا

اتوار 22 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں 37 رنز سے شکست دے کر کلین سویپ کر دیا، جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پاکستان کے 308 رنز کے تعاقب میں 42 اوورز میں ہی 271 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ سفیان مقیم نے 4 وکٹیں لے کر وائٹ واش کو یقینی بنایا۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ون ڈے میں 81 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

پاکستان کے 308 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 25 کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹیمبا باووما 8 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ دوسری وکٹ 44 کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹونی ڈی زورزی کو شاہین شاہ آفریدی نے اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑ کر پویلین بھیج دیا۔

جنوبی افریقہ کی تیسری وکٹ 80 کے مجموعی اسکور پر گری جب ایڈن مارکرم 19 رنز بنا کر سفیان مقیم کی گیند پر کامران غلام کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ چوتھی وکٹ 120 کے مجموعی اسکور پر گری جب راسی وان ڈر ڈوسن کو 35 رنزپر محمد حسنین نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔

جنوبی افریقہ کی پانچویں وکٹ 123 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیوڈ ملر 3 رنز بنا کر صائم ایوب کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ چھٹی اورانتہائی اہم وکٹ 194 کے مجموعی اسکور پر گری جب ہینرک کلاسن 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر طیب طاہر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

جنوبی افریقہ کی ساتویں وکٹ 212 کے مجموعی اسکور پر گری جب مارکو جینسن 26 بنا کر سفیان مقیم کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، آٹھویں وکٹ 250 کے مجموعی اسکور پر گری جب بجورن فورٹوئن8  بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

جنوبی افریقہ کی نویں وکٹ 271 کے مجموعی اسکور پر گری جب کاگیسو رابادا کو سفیان مقیم نے 14 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا، جنوبی افریقہ کی دسویں وکٹ بھی 271 کے مجموعی اسکور پر گری جب کوینا ماپھاکا کو بھی سفیان مقیم نے صفر پر کلین بولڈ کر دیا۔

پاکستان کی جانب سے اسپنر سفیان مقیم نے 4 ، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے 2 ، 2 جبکہ محمد حسنین اور صائم ایوب نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا آخری میچ جوہانسبرگ میں کھیلا گیا، جہاں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

بارش کے باعث میچ 47 اوورز تک محدود کر دیا گیا، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 47 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز اسکور کیے ۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر بیٹر صائم ایوب نے 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور نمایاں بیٹر رہے، انہوں نے یہ سنگ میل 94 گیندوں پر 3 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے حاصل کیا۔  اس کے علاوہ محمد رضوان نے 53، بابر اعظم نے 52، سلمان آغا نے تیز ترین 48 اور طیب طاہر نے 28 رنز اسکور کیے۔ جبکہ عبداللہ شفیق اور شاہین شاہ آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے رابادا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مارکو جانسن اور فوٹیون نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان اورجنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے اور آخری ون ڈے میچ کے لیے قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئیں تھیں۔ پاکستانی اسکواڈ میں طیب طاہر اور محمد حسنین کی واپسی ہوئی جبکہ سفیان مقیم ون ڈے ڈیبیو کررہے ہیں۔

قومی پلیئنگ الیون

کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، کامران غلام، سلمان علی آغا، طیب طاہر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد حسنین، سفیان مقیم شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp