شام کے نئے وزیر خارجہ اسد حسن الشیبانی نے جلد ہی سعودی عرب کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر خارجہ اسد حسن شیبانی نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی طرف سے دورے کی دعوت قبول کرلی ہے، یہ ان کا پہلا سرکاری غیرملکی دورہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: شام میں آئین کی تشکیل نو اور انتخابات میں 4 سال لگ سکتے ہیں، احمد الشرع
اپنے کویتی ہم منصب عبداللہ الیحییٰ کے ساتھ دمشق میں ایک نیوز کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ وہ نئے سال کے پہلے ہفتے میں دورہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کویت سے بھی دمشق میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھولنے اور شام کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
الشیبانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’میں اپنے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل کر رہا ہوں، ہم مملکت میں اپنے بھائیوں کے ساتھ تمام شعبوں میں تزویراتی تعلقات استوار کرنے کے منتظر ہیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: شام میں اسرائیل کے ڈیرے کب تک رہیں گے، وقت کے ساتھ بدلتی صیہونی سرحدیں
انہوں نے اپنے متوقع دورہ سعودی عرب کو خیرسگالی کا استعارہ قرار دیا اور اسے بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد خطے میں شام کے کردار کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
واضح رہے کہ شام کی عبوری حکومت نے اسد حسن الشیبانی کو 21 دسمبر کو وزیر خارجہ مقرر کیا تھا۔ دوسری جانب، کویتی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ شام کو خطے میں اہمیت کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں شامی سفارتخانے نے نئی حکومت کا پرچم لہرا دیا
اپنے دورے کے دوران کویتی وزیر خارجہ نے شام کے عبوری حکمران احمد الشرع سے ملاقات کی۔ اس موقع پر خلیجی تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد آل بدیوی بھی موجود تھے۔
کویتی وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے شام پر عائد پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کویتی قیادت نے شام میں ہنگامی بنیاد پر امداد کی فراہمی کی بھی اپیل کی ہے۔