2024 میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں کون سی تھیں؟

منگل 31 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سال 2024 میں وی نیوز کی سب سے زیادہ پڑھی جانیوالی خبروں میں مایہ ناز بھارتی اداکار عرفان خان کی برسی کے موقع پر مشکور علی کی تحریر ’پان سنگھ تومر‘ سر فہرست رہی، جس میں اداکار کی منفرد نوعیت کی بیماری میں مبتلا ہونے کے بعد ان کے احساسات کا ذکر تھا۔

اسی طرح جون میں بجٹ کے اعلان کے بعد موٹر سائیکل کے مشہور برانڈ ہونڈا سی ڈی 70 اور سی جی 125 کی نئی قیمتوں پر پوسٹ کی گئی خبر بھی خاصی دیر تک قارئین کی توجہ کا مرکز بنی رہی، جس سے ملک میں ٹرانسپورٹ کے مسئلے کے انفرادی حل کے طور پر شہریوں کے انتخاب یعنی موٹرسائیکل میں دلچسپی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پان سنگھ تومر

یوں تو بظاہر سیاسی خبریں نیوز ایجنڈا طے کرتی ہوئی نظر آتی ہیں لیکن مفاد عامہ سے متعلق خبریں ایسی بیشتر خبروں پر فوقیت لے جاتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں، کچھ ایسا ہی ہماری اس خبر کے ساتھ ہوا جس کی سرخی ’آسان اقساط پر سرکاری موبائل فون کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کیا ہے؟‘ تھی۔

شہریوں کا سب سے بڑا مسئلہ معاشی نوعیت کا ہی رہتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ملک میں نئے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کے فیصلے پر مبنی خبر کو بھی بڑی تعداد میں اچھے قارئین ملے، اس خبر کی سرخی کچھ یوں تھی؛ کالا دھن کمانے والوں کے لیے بُری خبر، اسٹیٹ بینک کا تمام نئے کرنسی نوٹ لانے کا فیصلہ۔

مزید پڑھیں: جیتو پاکستان: ’شوہر موٹر سائیکل تو جیت گیا لیکن بیوی سے محروم ہوگیا‘

آن لائن قارئین کی دلچسپی کا موضوع اینٹرٹینمنٹ سے وابستہ خبروں میں بھی زیادہ رہتا ہے اور اس ضمن میں قومی اور بین الاقوامی نوعیت کو کوئی خاص فوقیت حاصل نہیں، یہی وجہ ہے کہ ’جیتو پاکستان: ’شوہر موٹر سائیکل تو جیت گیا لیکن بیوی سے محروم ہوگیا‘ کی سرخی کے ساتھ پوسٹ کی گئی خبر بھی قارئین کی توجہ کا مرکز رہی۔

ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہونے کے ناطے وی نیوز کا ایک فیچر ہے، فیکٹ چیک؛ جس میں بہت زیادہ وائرل ہونیوالی خبروں کی صداقت جاننے کی کوشش کی جاتی ہے، ایسی ہی ایک خبر ’کیا ڈی جی آئی ایس آئی کی طلبہ کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کے نعرے لگے؟‘ نے اس حقیقت سے پردہ اٹھایا کہ مذکورہ تقریب میں ’وزیراعظم عمران خان‘ کےنعرے دراصل نہیں لگے۔

مزید پڑھیں:مدارس رجسٹریشن ایشو کیا ہے، اس پر اتنی سیاست کیوں ہورہی؟

آن لائن خبریں مقامی اور عالمی نوعیت کی تفریق مٹادیتی ہیں، اس جہان میں دنیا گلوبل ولیج بن کر رہ جاتا ہے، عالمی خبروں اور تجزیوں کی کیٹگری میں عامر خاکوانی کا کالم ’اس انٹیلی جنس آپریشن کی ڈرامائی داستان جس نے لبنان میں قیامت ڈھا دی‘ بھی وی نیوز پر بہت زیادہ پڑھی جانیوالے مواد میں سے ایک رہا۔

رواں برس کے ابتدائی دنوں میں شائع ہونیوالی خبر ’متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کیوں بند کردیے؟‘ بھی نمایاں طور پر سب سے زیادہ پڑھی جانیوالی خبر تھی، اسی طرح گندم کے بحران کے دنوں میں اپریل میں پوسٹ کی گئی خبر ’گندم کی فی من قیمت میں 2 ہزار روپے کی کمی، اب آٹا اور روٹی کتنی سستی ہوگی؟‘ بھی قارئین کی توجہ کا مرکز رہی۔

مزید پڑھیں: بشریٰ بی بی نے عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بیان کیوں دیا؟

دسمبر کے دوسرے ہفتے میں لکھا گیا عامر خاکوانی کا کالم ’رواں مدارس رجسٹریشن ایشو کیا ہے، اس پر اتنی سیاست کیوں ہورہی؟‘ بھی نمایاں طور پر سب سے زیادہ پڑھی جانیوالے مواد میں شامل رہا، اسی طرح ’امریکی وی لاگر پاکستان میں ٹیکسی ڈارئیور کی ایمانداری سے خوش، انعام میں کتنی رقم دی؟‘ بھی اچھا خاصا سرکولیشن میں رہی۔

رواں برس اپریل میں اسامہ خواجہ کی پوسٹ کردہ ’وہ ممالک جن کی شہریت پیسے دے کر خریدی جا سکتی ہے؟‘ اور’200 یونٹ تک بجلی فری، حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا‘ جیسی خبریں بڑی تعداد میں قارئین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

مزید پڑھیں: وہ ممالک جن کی شہریت پیسے دے کر خریدی جا سکتی ہے؟

رواں برس جنوری میں اسامہ خواجہ کی پوسٹ کی گئی خبر ’بینک نے 10 لاکھ کے چیک پر شہری کو 50 لاکھ دے دیے‘ اور ان کی تحریر ’ٹوبہ ٹیک سنگھ مرگیا‘ اچھی سرکولیشن میں رہی وہیں نومبر میں عامر خاکوانی کا ایک اور کالم ’بشریٰ بی بی نے عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بیان کیوں دیا؟‘ بھی قارئین کی بھرپور توجہ لینے میں کامیاب رہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp