اسلام آباد میں ای چالان کا نفاذ، عدم ادائیگی کی صورت میں کیا ہوگا؟

منگل 31 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کے شہری ای چالان جیسے میسجز موصول ہونے پر تشویش کا اظہار تو کررہے ہیں لیکن بیشتر شاید اس بات سے نا واقف ہیں کہ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھنے کی غرض سے شہر کے مختلف مقامات پر آٹو نمبر پلیٹ ریڈر کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

ای چالان کیا ہے؟ اور میسج موصول ہونے کے باوجود بھی اگر ای چالان نہ ادا کیا جائے تو کیا جرمانہ ہوگا؟ اس ضمن میں ٹریفک پولیس کی ترجمان علینہ سجاد نے وی نیوز کو بتایا کہ اسلام آباد کے مختلف مقامات پر آٹو نمبر پلیٹ ریڈر یعنی اے این پی آر کیمرے نصب کیے جاچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں 2 اہم پراجیکٹس کی تعمیر، اب شہری کن راستوں پر سفر کیا کریں گے؟

’کوئی بھی گاڑی یا موٹر سائیکل اگر کسی بھی قسم کے ٹریف قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہوا نظر آتا ہے تو اس وہیکل کو یہ کیمرے ٹریس کر لیتے ہیں، جس کے بعد اس گاڑی کی معلومات سسٹم میں فوری طور پر منتقل ہوجاتی ہے۔‘

علینہ سجاد کے مطابق، سسٹم پر موجود پولیس آفسر نہ صرف میسج کے ذریعے خلاف ورزی کے مرتکب شخص کو چالان کے حوالے سے مطلع کرتے ہیں بلکہ ای چالان کی کاپی ان کے گھر بھی بھیجی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد: جرائم کی شرح میں اضافہ، 8 ماہ میں سیکڑوں افراد کے قتل ہونے کی وجہ کیا؟

’ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے قانون شکنوں کےخلاف ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ سے لنک ڈیٹا بیس کی مدد سے خصوصی قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جاتی ہے۔‘

اس نوعیت کے ای چالان پر جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں کیا کیا جاتا ہے؟ علینہ سجاد نے بتایا کہ اگر کوئی میسج موصول ہونے کے باوجود یا گھر پر ای چالان کی کاپی وصول کرنے کے باوجود بھی چالان کے مطابق جرمانے کی رقم ادا نہیں کرتا تو اس صورت میں اس کو بار بار فون کال اور میسج کے ذریعے یاد دہانی کرائی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد سیف سٹی سسٹم پر ہیکرز کا حملہ، حساس نوعیت کا ڈیٹا چوری

’پھر بھی ای چالان جمع نہ کروانے کی صورت میں ہم فیلڈ میں موجود پولیس آفیسرز کو مطلع کرتے ہیں اور پھر وہ اس وہیکل کو قانونی تحویل میں لے کر چالان پر جرمانے کی ادائیگی ممکن بناتے ہیں، اس کے علاوہ اب ہم نے ٹریفک آفس کے ساتھ بھی الحاق کیا ہے۔‘

علینہ سجاد کے مطابق جب بھی کوئی ای چالان رکھنے والا شہری وہاں کسی بھی سروس کے لیے جائے گا تو اس کے شناختی کارڈ نمبر درج کرتے ہی اس کا سارا ڈیٹا سامنے آجائے گا، جس سے پتا چل جائے گا کہ اس نے چالان ادا نہیں کیا ہے، پھر اسے چالان کی ادائیگی تک کسی قسم کی کوئی بھی سروس فراہم نہیں کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد پولیس کی ’مکینک آن وہیلز‘ سروس کا آغاز

ٹریفک پولیس کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں برس 10 دسمبر تک ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں پر کل 2 لاکھ 76ہزار279 ای چالان ٹکٹس جاری کیے جاچکے ہیں، دوسری جانب سیف سٹی پروجیکٹ بھی ٹریفک پولیس کے ای چالان سسٹم کے نفاذ میں موثر کردار ادا کر رہا ہے۔

’ٹریفک پولیس کوششوں سے مہلک حادثات اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی بھی دیکھنے میں آئی ہے۔ اس نظام کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کوبروئے کار لاتے ہوئے حادثات کی روک تھام کو یقینی بناتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp