جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) ف نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کے 15 پولنگ اسٹیشنز پر ہونے والے دوبارہ انتخاب میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے صوبے بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا۔
جے یو آئی کے صوبائی امیر و سینیٹر مولانا عبد الواسع نے کہا ہے کہ ہماری سیاست کا محور اقتدار نہیں بلکہ عوام کے حقوق کا تحفظ ہے، ہمیں ٹرمپ یا اسٹیبلشمنٹ کا سہارا نہیں بلکہ صرف اللہ کا سہارا ہے، حلقہ پی بی 45 کوئٹہ کے 15 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 کے مطابق جمعیت علما اسلام نے 2689 اورپیپلز پارٹی نے 226 ووٹ حاصل کیے لیکن عام انتخابات کی طرح ان 15 پولنگ اسٹیشنز پر فارم 47 کے ذریعے نتائج تبدیل کردیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں جے یو آئی انٹرا پارٹی الیکشن، بلوچستان کے صوبائی امیر کے خلاف چور چور کے نعرے
سینیٹر کامران مر تضیٰ، میر عثمان پرکانی اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ بلوچستان بھر میں 8 جنوری کو پہیہ جام ہڑتال ہوگی۔
سینیٹر مولانا عبد الواسع نے کہاکہ 5 جنوری کو جمہوریت کے نام پر جمہوریت کا قتل کیا گیا، حلقہ پی بی 45 کے 15 پولنگ اسٹیشنز پر صاف وشفاف انتخابات ہوئے لیکن عام انتخابات کی طرح ان 15 پولنگ اسٹیشنز پر بھی فارم 47 کے ذریعے نتائج تبدیل کر دیے گئے۔
انہوں نے کہاکہ ہماری جدوجہد کا مقصد یہی ہے کہ سازشیں بے نقاب کی جائیں، فارم 45 سے ہم مطمئن تھے لیکن فارم 47 کی تیاری سے قبل شہر کے مختلف مقامات پر کنٹینر لگا دیے گئے تھے۔
انہوں نے کہاکہ شر پسند عناصر کی کارروائیوں کے دوران کہیں موبائل اور انٹر نیٹ سروس معطل نہیں ہوتی لیکن حلقہ پی بی 45 کوئٹہ کے نتائج کے بعد شہر میں موبائل نیٹ ورک کوبند کردیا گیا، بلوچستان ہمارا ہے اور ہم سیاست بھی بلو چستان کو ترقی دینے کے لیے کرتے ہیں۔
مولانا عبدالواسع نے کہاکہ 15 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 کے مطابق 226 ووٹ پیپلزپارٹی کے حاجی علی مدد جتک نے حاصل کیے جبکہ ہمارے امیدوار عثمان پرکانی کو 2689 ووٹ ملے۔
جے یو آئی رہنما نے کہاکہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ احتجاجاً پورے صوبے کو بند کریں گے، بلو چستان بھر میں 8 جنوری کو پہیہ جام ہڑتال ہوگی، اگر ہمارے پُرامن احتجاج کو روکنے کی کوشش کی گئی تو مرکز سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کے 15 پولنگ اسٹیشنز دوبارہ انتخاب ہوا تھا، جس میں پیپلزپارٹی کے علی مدد جتک کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں اراکین بلوچستان اسمبلی اعتراف کرتے ہیں کہ وہ پیسے دے کر الیکشن جیتے، مولانا ہدایت الرحمان
جمعیت علما اسلام نے انتخاب میں مبینہ دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی تھی، اس دوران شہر میں کاروباری مراکز جزوی طور پر بند رہے۔