پاکستان کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے بلے باز صائم ایوب علاج کے لیے لندن روانہ ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان کرکٹ بورڈ کا صائم ایوب کو علاج کے لیے لندن بھیجے کا فیصلہ
صائم ایوب کیپ ٹاؤن سے لندن کے لیے روانہ ہوئے ہیں، جہاں اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر انگلینڈ کے ماہر اسپورٹس آرتھو ڈاکٹرز کی جانب سے کل صائم ایوب کا چیک اپ کیا جائےگا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے صائم ایوب کو قومی ٹیم کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑی کے علاج معالجے کے لیے ہرممکن وسائل فراہم کریں گے، میں دعاگو ہوں کہ صائم ایوب جلد مکمل صحت یاب ہوں۔
انہوں نے کہاکہ میں صائم ایوب کی صحت کے حوالے سے مسلسل ڈاکٹروں کے ساتھ رابطے میں ہوں۔
قبل ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹیلیفون کرکے صائم ایوب کی خیریت دریافت کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں ٹخنے میں فریکچر، صائم ایوب 6 ہفتے کے لیے کرکٹ کے میدان سے باہر
یاد رہے کہ پاکستان کے اوپننگ بیٹر صائم ایوب کو دائیں ٹخنے میں فریکچر ہوگیا ہے جس کے باعث وہ 6 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ نوجوان کھلاڑی کو یہ فریکچر جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز فیلڈنگ کرتے ہوئے ہوا۔