بلوچستان میں پہیہ جام ہڑتال جاری، مگر کیوں؟

بدھ 8 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کی کال پر آج بلوچستان میں پہیہ جام ہڑتال کی جارہی ہے اور پارٹی کارکنان نے قومی شاہراہوں کو آمدورفت کے لیے بند کردیا ہے

بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کے ری الیکشن میں نتائج میں تبدیلی اور مبینہ دھاندلی کے خلاف جمعیت علما اسلام (ف) کی جانب سے صوبے بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی کال دی گئی تھی، جس پر جے یو آئی کے کارکنان نے احتجاجاً قومی شاہراہوں کو آمدورفت کے لیے بند کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں موبائل فون سروس 48 گھنٹے کے لیے بند، ’کیا ایمرجنسی لگ گئی ہے؟‘

کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ لک پاس کے مقام پر احتجاجاً بند ہے، سونا خان تھانے کے قریب قومی شاہراہ کو ٹائر جلا کر بلاک کردیا گیا ہے، خضدار میں کوشک کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ اور ضلع نوشکی میں اسٹیشن کے مقام پر کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ کے علاوہ جے یو آئی کارکنان نے قلعہ سیف اللہ میں بلوچستان کو پنجاب سے ملانے والی قومی شاہراہ کو کنگری کے مقام پر بند کردیا ہے۔

قومی شاہراہیں بند ہونے سے گاڑیوں کی قطار لگ گئی ہیں جبکہ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی ہڑتال کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کی روانی معمول سے کم ہے جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی ٹھنڈی پڑی ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں عوام دہشتگردوں سے زیادہ کس کے ہاتھوں جان گنوا رہے ہیں؟

چند روز قبل، جے یو آئی کے صوبائی امیر و سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا تھا کہ بلوچستان کے عوام پر بجلی اور ترقی کا دروازہ مکمل بند کردیا گیا ہے۔ حکومت کے فرائض میں شامل ہے کہ محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم میں عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال یہ ہے کہ ہر کوئی اپنے رحم و کرم پر ہے، صوبے میں بدامنی اور بے روزگاری کی صورتحال ہے، چمن میں افغان بارڈر کی بندش کے خلاف 20 جنوری کو احتجاجی جلسہ ہوگا، بارڈر بندش کے خلاف 9 فروری کو نوشکی اور تربت، 10 فروری چاغی، 11 فروری خاران، 12 فروری واشک ، 13 فروری پنجگور، 15 فروری گوادر، 17 فروری حب چوکی اور لسبیلہ میں جلسے کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی بی 45 کے الیکشن میں مبینہ دھاندلی، جے یو آئی کا صوبے بھر میں احتجاج کا اعلان

مولانا عبدالواسع نے کہا کہ ہم اپنا حق حاصل کرنے کے لیے ہر آئینی راستہ اختیار کریں گے، سیاسی، جمہوری اور نظریاتی قوتوں کو مایوس کرکے بندوق اٹھا نے پر مجبور کیا جارہا ہے لیکن ہم کسی بھی صورت بندوق نہیں اٹھائیں گے، ہم احتجاج اپنی خواہش پر نہیں بلکہ عوام کے جذبات کو مد نظر رکھتے ہوئے کررہے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ حلقہ پی بی 45 کے نتائج کا اعلان فارم 45 کے مطابق کیا جائے اور عوام کو بغاوت پر مجبور نہ کیا جائے۔

 دوسری جانب عوام کا مؤقف ہے کہ احتجاج ہر شخص کا بنیادی حق ہے مگر اس کے لیے قومی شاہراہوں کو بند کرکے عام عوام کو تکلیف پہنچانا درست نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp