مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر عبد اللہ بن عواد الجہنی نے مسلمانوں کو تقویٰ اختیار کرنے اور گناہوں سے باز آنے کی تلقین کی ہے۔
آج خطبہ جمعہ میں انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا اور اتنے ہی اعمال کا مکلف بنایا جتنا ہم برداشت کرسکتے ہیں۔ اس لیے ہمیں اللہ کے احکام کی پیروی کرنی چاہیے، اس کی منع کردہ چیزوں سے بچنا چاہیے، اور قرآنِ کریم کی ہدایات کو سمجھنا چاہیے۔ قرآن ہمیں نجات کے راستے دکھاتا ہے، اس میں فرائض، فضائل اور اصلاحی تعلیمات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں سعودی وزارت اسلامی امور اور پاکستانی وزارت مذہبی امور کے درمیان معاہدہ
ڈاکٹر الجہنی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بہت سے لوگ اللہ کے احکام کو نظرانداز کرتے ہیں، اس کے منع کردہ کاموں کو انجام دیتے ہیں، اور اس کی نگرانی سے غافل ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ جو لوگ نماز ترک کرتے ہیں، زکوٰۃ ادا نہیں کرتے، روزے کی حرمت پامال کرتے ہیں، اور حج میں تاخیر کرتے ہیں، ان کے لیے قیامت کے دن سخت عذاب ہوگا۔ زنا، شراب نوشی اور سود جیسے گناہوں کے مرتکب افراد کے لیے دردناک سزا کا ذکر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جو لوگ دوسروں کے عیب تلاش کرنے کے بجائے اپنے گناہوں کی اصلاح کرتے ہیں، وہی کامیاب ہوتے ہیں۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی زبان کو دوسروں کی عزت و ناموس پر حملہ کرنے سے روکیں، کیونکہ اللہ ہر کہنے والے کی بات کو سن رہا ہے۔
انہوں نے ابن عثیمین رحمہ اللہ کا قول نقل کیاکہ مومن کو ایذا پہنچانا بڑا گناہ ہے، چاہے وہ قول سے ہو یا فعل سے ہو۔
یہ بھی پڑھیں سعودی تعاون سے بننے والی مظفرآباد کی سب سے بڑی مسجد
آخر میں امام و خطیب نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے دلوں کو مومنین کی محبت سے بھر دے، اور ہمیں اپنی زندگی کے باقی ایام میں اعمالِ صالحہ کی توفیق عطا فرمائے۔ نیز انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث نقل کی: ’رحم کرو، تم پر رحم کیا جائے گا، اور معاف کرو، تمہیں معاف کیا جائے گا۔‘