چاقو حملے میں زخمی اداکار سیف علی خان اسپتال سے ڈسچارج

منگل 21 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ اداکار سیف علی خان گزشتہ ہفتے ڈکیتی کی ایک واردات کے دوران چاقو حملے میں زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد انہیں علاج کے لیے لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سیف علی خان پر حملہ کرنے والا شخص کیسے گرفتار ہوا؟

بھارتی میڈیا کے مطابق سیف علی خان کو لیلاوتی اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے، جس کے بعد وہ سخت سیکیورٹی کے حصار میں گھر پہنچ گئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد سیف علی خان سفید شرٹ اور جینز پہنے خود چل کر اپنے اپارٹمنٹ پہنچے ہیں جبکہ ان کے بائیں ہاتھ پر پٹی بھی باندھی ہوئی نظر آرہی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی پولیس نے سیف علی خان پر حملہ کرنے والے مبینہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ایک بنگلہ دیشی شہری شریف الاسلام شہزاد کو گرفتار کیا ہے جو غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہوا تھا اور جھوٹے نام بیجوئے داس سے رہ رہا تھا، ملزم نے پہلے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے گھر پر ڈکیتی کی کوشش کی، ناکامی پر سیف علی خان کے گھر ڈکیتی کا پروگرام بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: حملہ آور کا سیف علی خان سے ایک کروڑ تاوان کا مطالبہ، پولیس نے مزید کیا بتایا؟

واضح رہے کہ گرفتار ملزم کو گزشتہ روز ممبئی کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے مؤکل کے پاس سے کچھ برآمد نہیں ہوا، انہیں اس کیس میں پھنسایا جا رہا ہے۔

ملزم کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ ملزم کے خلاف الزامات جھوٹے ہیں اور یہ معاملہ اس لیے توجہ کا مرکز ہے کیونکہ ایک سیلیبریٹی اس میں ہدف بنے ہیں۔

وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے مؤکل کو اس ہائی پروفائل کیس میں قربانی کا بکرا بنا کر پھنسایا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp