مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے کام اور کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے دل جیتے ہیں، ہم آج یوم تعمیراور ترقی منا رہے ہیں اور وہ یوم احتجاج اور فساد منا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:’ڈی چوک کے کنٹینر سے بندے کو گرا کر ٹھیک کیا گیا‘، طلال چوہدری کا بیان وائرل
ہفتہ کے روز فیصل آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابی نتائج نے جھوٹے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے، فارم 47 کا نعرہ لگا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جو اسمبلی کو جعلی کہتے تھے وہ اسی اسمبلی میں مذاکرات کے لیے گئے، یہ عدالتوں میں گئے لیکن ایک سال میں کسی حلقے میں بھی دھاندلی ثابت نہ کر سکے، عوام کو گمراہ کرنے کا ان کا منصوبہ ناکام ہو چکاہے۔
مزید پڑھیں:ناکام احتجاج میں لاشیں نہ ملنے پر عمران خان کی صحت کا بیانیہ لانچ کیا گیا ہے، طلال چوہدری
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک سال میں کتنے ہی پراجیکٹس شروع ہوئے، ٹریکٹر اسکیم، ادویات کی مفت ترسیل، کسانوں سمیت درجنوں عوامی مفاد کے منصوبے شروع ہوئے، اس کی نسبت صوبہ خیبر پختونخوا کا بھی موازنہ کیا جائے جہاں ہمیں کوئی ایک منصوبہ ہی بتا دیں، صوبوں کے درمیان مقابلہ کارکردگی کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف 13 سال سے حکومت کر رہی ہے، صوبے کی بہتری کے لیے کوئی ایک کام بتا دیں، کوئی ایک بس سروس جو عوام کے لیے شروع کی گئی ہے، کوئی ایک منصوبہ ہی دکھا دیں۔
یہ بھی پڑھیں:بھاگنے والے لاشوں اور گولیوں کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، طلال چوہدری
طلال چوہدری نے کہا کہ اس وقت ملک تیزی سے معاشی بہتری کی جانب گامزن ہے، اسٹاک اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلندیاں چھو رہی ہے، مہنگائی 20 فیصد سے 2 فیصد پر آگئی، سرمایہ کاری آرہی ہے، ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ ہو رہا ہے، جس کی بدولت آج ہم یوم تعمیر بنا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب وہی یوم احتجاج اور یوم فساد منایا جا رہا ہے۔