سری لنکا کے گرڈ اسٹیشن میں بندر کے گھسنے کے باعث پورے ملک میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن ہوگیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 9 فروری کو سری لنکا میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن ہوا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا، اور اس دوران شہری شدید مشکلات سے گزرے۔
یہ بھی پڑھیں جب ایک شرارتی بندر نے سیکیورٹی اہلکاروں کی دوڑ لگوا دی
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ بجلی کا طویل بریک ڈاؤن جنوبی کولمبو میں واقع سیلون الیکٹریسٹی بورڈ کے گرڈ اسٹیشن میں خرابی کی وجہ سے ہوا۔
سری لنکن حکام کا کہنا ہے کہ عملے نے 3 گھنٹے کے کوشش کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں کی بجلی بحال کی، جبکہ مکمل بحالی کے لیے انجینیئرز اور دیگر عملہ کام کررہا ہے۔
سری لنکا کے وزیر توانائی کے مطابق ایک بندر گرڈ اسٹیشن میں گھس گیا تھا جس کی وجہ سے بجلی میں خرابی پیدا ہوئی اور طویل بریک ڈاؤن ہوگیا۔
تاہم وزیر توانائی کی جانب سے بندر کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں بندروں نے 6 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا شکار ہونے سے کیسے بچایا؟
یاد رہے کہ اس سے قبل 2022 میں بھی شدید معاشی بحران کے دوران سری لنکا کے عوام کو بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑا تھا۔