مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اگر سنجیدہ ہیں اور انہیں شکایات ہیں یا ان کے پاس تجاویز ہیں تو ان کا فرض ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاسی معاملات میں حکومت کا مرکزی ڈاکخانہ وزیراعظم کا دفتر ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹیبلشمنٹ کی پالیسیوں سے فوج اور عوام میں دوریاں پیدا ہورہی ہیں،عمران خان کا آرمی چیف کو خط
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان بار بار آرمی چیف کو خط لکھ کر فوج کو سیاست میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج کے سیاسی کردار کا عمران خان کو 2018 میں چسکا لگا، اور وہ اب بھی سمجھتے ہیں کہ وہ اسی طرح دوبارہ اقتدار میں آسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر کو خط ارسال کیا ہے جس میں کہا کہ اسٹیبلشمنٹ دو بار کے این آر و زدہ لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے، ان پالیسیوں کی وجہ سے فوج اور عوام میں دوریاں پیدا ہورہی ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بعد ازاں کہا تھا انہیں کوئی خط نہیں ملا اور اگر ملتا بھی تو وہ اسے وزیراعظم کو بھیج دیتے۔